پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لاڑکانہ میں 600 بستروں پر مشتمل نئے اسپتال کا قیام شہر کی بڑھتی ہوئی طبی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، ہماری کوشش ہے کہ لاڑکانہ کے عوام کو عالمی معیار کی صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
لاڑکانہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان سمیت مختلف علاقوں سے مریض علاج کی غرض سے لاڑکانہ آتے ہیں، جس کے باعث موجودہ اسپتال پر مریضوں کا دباؤ بڑھ چکا تھا اور مزید مریضوں کو سنبھالنا مشکل ہو رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نئے اسپتال کی تعمیر سے علاج معالجے کی سہولتوں میں وسعت آئے گی اور شہریوں کو بہتر طبی خدمات میسر آسکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی مشکلات اور عالمی بحران کے باوجود کوشش ہے کہ کوئی شہری علاج کی سہولت سے محروم نہ رہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان بھی عالمی معاشی حالات سے متاثر ہو رہا ہے، تاہم عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنقید کرنا آسان جبکہ عملی طور پر کام کرنا مشکل ہوتا ہے، ہماری توجہ عوام کو درپیش مسائل حل کرنے اور انہیں بہتر سہولتیں فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔