شاعر مشرق کو قوم کا سلام، ملک بھر میں یوم اقبال کی تقریبات

image

شاعر مشرق علامہ اقبال کا 149 واں یوم پیدائش آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

پاکستان کا خواب دیکھنے والے عظیم مفکر اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 149 واں یوم پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

علامہ اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، آزادی اور خود اعتمادی کا شعور بیدار کیا۔ بانگ درا، بال جبریل اور ضرب کلیم سمیت ان کے شعری مجموعے آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم اقبال پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کے کلام نے مسلمانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حوصلہ دیا، ان کی شاعری آزادی، خودداری اور استحصال کے خلاف جدوجہد کا پیغام دیتی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

تقریب کے دوران پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US