بجلی کی تین بڑی تقسیم کار کمپنیوں فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری کے حصول کے لیے پاکستانی اور ترک سرمایہ کاروں نے ہاتھ ملا لیا، ترکیہ کی معروف کمپنی چنگیز ہولڈنگ اور پاکستان کے پانچ بڑے کاروباری گروپس کے درمیان اسٹریٹجک جوائنٹ وینچر قائم کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں استنبول میں منعقدہ تقریب کے دوران چنگیز ہولڈنگ اور پاکستانی کاروباری گروپس کے نمائندگان نے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز بھی موجود تھے۔
پاکستانی کنسورشیم میں لیک سٹی، فاطمہ گروپ، آرٹسٹک ملینرز، دین گروپ اور فضل گروپ شامل ہیں۔ جوائنٹ وینچر کا بنیادی مقصد فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کے بجلی کی تقسیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، لائن لاسز میں کمی لانا اور صارفین کو بجلی کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت جدید میٹرنگ سسٹم، ڈیجیٹل بلنگ، مالیاتی نظم و ضبط اور بجلی کی تقسیم کے نظام کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ کنسورشیم کے مطابق ان اقدامات سے صارفین کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ بجلی کی فراہمی اور تقسیم کے نظام میں نمایاں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔
فیسکو، گیپکو اور آئیسکو فیصل آباد، گوجرانوالہ، اسلام آباد اور دیگر اہم صنعتی و رہائشی علاقوں میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ صارفین کو بجلی فراہم کرتی ہیں۔ تینوں تقسیم کار کمپنیوں کو مالی سال 2024-25 کے دوران ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نقصانات سمیت مختلف مالی مشکلات کا سامنا رہا، جس کے باعث حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے ذریعے نقصانات کم کرنے اور صارفین پر مالی بوجھ گھٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترکیہ کی چنگیز ہولڈنگ کو پاور جنریشن، بجلی کی تقسیم، مائننگ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ کمپنی کی بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 5 ہزار 622 میگاواٹ بتائی جاتی ہے، جبکہ ترکیہ میں اس کے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کے ذریعے 90 لاکھ سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی کنسورشیم میں شامل کاروباری گروپس کو ٹیکسٹائل، فرٹیلائزر، توانائی اور رئیل اسٹیٹ سمیت مختلف شعبوں میں وسیع کاروباری تجربہ حاصل ہے۔ کنسورشیم میں شامل ادارے پاور جنریشن، ونڈ اور سولر انرجی کے منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری اور آپریشن کا تجربہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جوائنٹ وینچر میں شامل پاکستانی اداروں اور ترک چنگیز ہولڈنگ کی مجموعی افرادی قوت ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد ہے، جبکہ کنسورشیم کی جانب سے بجلی کی تقسیم کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، بہتر انتظامی نظام اور سرمایہ کاری کے ذریعے کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔