خاتون اینکر ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیش رفت، گھریلو ملازم کا بیان سامنے آگیا

image

راولپنڈی میں نجی نیوز چینل کی خاتون اینکر ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، مقتولہ کے گھریلو ملازم نے پولیس کو واقعے سے متعلق اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا، جبکہ مقتولہ کے بھائی خرم کی مدعیت میں شوہر احسن کے خلاف تھانہ صدر بیرونی میں دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے بھائی نے تھانہ صدر بیرونی میں درخواست دی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اس کی دوسری بہن نے فون پر اطلاع دی کہ ربیعہ احسن کو اس کے شوہر نے گولی مار دی ہے۔ مدعی کے مطابق اطلاع ملنے پر وہ گھر پہنچا تو ربیعہ خون میں لت پت پڑی تھی اور جانبر نہ ہو سکی تھی۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ربیعہ احسن کی شادی تقریباً 14 سال قبل احسن سے ہوئی تھی۔ مقتولہ کے اہلخانہ نے پولیس کو بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان بظاہر کوئی ناچاقی نہیں تھی اور دونوں معمول کے مطابق خوشگوار زندگی گزار رہے تھے۔ مقتولہ کی بیٹیوں، بہن اور والدہ نے بھی پولیس کو ایسے ہی بیانات دیے۔

دوسری جانب گھریلو ملازم نے پولیس کو بیان دیا کہ گھر میں کپڑے الماری سے نکالتے ہوئے ان میں سے ایک 30 بور پستول برآمد ہوا۔ اس کے مطابق شوہر احسن نے پستول ہاتھ میں لیا اور اسے لہراتے ہوئے اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ احسن کو جا لگی۔

مقتولہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق گولی گردن کے نچلے حصے میں سامنے کی جانب سے لگی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والا پستول بظاہر بغیر لائسنس کا ہے۔ فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید شواہد کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پولیس قتل کے تمام ممکنہ محرکات اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US