ہنگو میں شاہ الماس پیر پہاڑی پر قائم پولیس پوسٹ کو دہشت گردوں نے نشانہ بنا دیا فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ حملہ آور تین اہلکاروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جہاں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس اور فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے شاہ الماس پیر پہاڑی پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا۔
ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی کے مطابق دہشت گرد اغوا کیے گئے تینوں پولیس اہلکاروں کو سمانہ پہاڑی کے علاقے خانانو کوٹہ کی جانب لے گئے ہیں، جن کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن اور فرار ہونے والے حملہ آوروں کا تعاقب جاری ہے۔
دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل فیروز علی کی نماز جنازہ پولیس لائن ہنگو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی، پاک فوج اور پولیس کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کے افسران نے شہید کانسٹیبل کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ملک و قوم کے دفاع میں ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کانسٹیبل فیروز علی کا جسد خاکی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں ابراہیم زئی روانہ کردیا گیا جہاں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔