سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن تیز کردیا، حسو خیل میں 14 اہم مقامات کلیئر کرلیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران مختلف علاقوں میں مزید 62 گھروں اور متعدد کمپاؤنڈز کی تلاشی مکمل کی گئی۔ گاؤں اپی سے حیدر خیل تک 17، مسکی میں 28 جبکہ دیگر علاقوں میں 17 کمپاؤنڈز کی تلاشی لی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موساکی میں کارروائی کے دوران 700 کلوگرام دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا، جبکہ ایک الفاروق میزائل، 200 کلوگرام یوریا اور دیگر آلات بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی اور ان کے زیر استعمال ٹھکانوں کی مکمل کلیئرنس تک سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری رکھا جائے گا۔