مہندی کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے ہلاک ہونے والے شہری کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کے الزام میں ٹک ٹاکر ’مسٹر پتلو‘ گرفتار

پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں پولیس نے معروف ٹک ٹاکر انصر محمود عرف 'مسٹر پتلو' کوفراز گراؤنڈ میں گذشتہ ہفتے پیش آئے واقعے میں ہلاک ہونے والی ایک شہری کے اہلخانہ کو مبینہ طور پر صلح کے لیے مجبور کرنے اور دھمکیاں دینے سے متعلق ایک کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔

پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں پولیس نے معروف ٹک ٹاکر انصر محمود عرف 'مسٹر پتلو' کوفراز گراؤنڈ میں گذشتہ ہفتے پیش آئے واقعے میں ہلاک ہونے والی ایک شہری کے اہلخانہ کو مبینہ طور پر صلح کے لیے مجبور کرنے اور دھمکیاں دینے سے متعلق ایک کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔

سیالکوٹ پولیس کے ترجمان خرم شہزاد نے ٹک ٹاکر کو پیر کے روز حراست میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کو کل (10 نومبر) مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ٹک ٹاکر انصر محمود کی گرفتاری سیالکوٹ کے تھانہ صدر ڈسکہ میں نو نومبر کو درج ہونے والی ایک نئی ایف آئی آر کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

یہ ایف آئی آر مبینہ طور پر مسٹر پتلو کی شادی کی تقریب میں انعامات کی تقسیم کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے ہلاک ہونے والے ایک شہری محمد ریحان کے بہنوئی کی درخواست پر درج کی گئی ہے۔ مدعی مقدمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم مسٹر پتلو اور اُن کے ایک بھائی کے ایما پر مسلح افراد نے اُن کے خاندان کو صلح کرنے اور ملزمان کے حق میں بیان دینے کے لیے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں۔

شہری محمد ریحان 31 اکتوبر کو مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے ہلاک ہوئے تھے اور اس واقعے کا مقدمہ تھانہ موترہ میں درج کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس مقدمے میں ٹک ٹاکر نے 10 نومبر تک کی عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

حالیہ ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ نے پولیس کو بتایا کہ چار نامعلوم مسلح افراد اُن کے گھر آئے اور انھیں صلح کرنے پر مجبور کیا، دھمکیاں دیں اور ملزمان کے حق میں بیانات دینے کا مطالبہ کیا۔

مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان نے اس دوران سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں اور پسٹل بھی دکھائے۔

پولیس نے تعزیرات پاکستان کی دفعات 348، 506 بی، 149 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس ایف آئی آر میں مسٹر پتلو، اُن کے بھائی محمد کاشف اور چار نامعلوم افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

سابقہ کیس میں ضمانت

واضح رہے کہ مسٹر پتلو نے سیالکوٹ کے مقامی سٹیڈیم میں ہونے والی اپنی مہندی کی تقریب کے سلسلے میں انعامات تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، اور اس موقع پر ہونے والی بھگڈر کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ 17 زخمی ہوئے تھے۔

ابتدائی مقدمے کے اندراج کے بعد ٹک ٹاکر نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کی اور پھر ڈسکہ سیشن کورٹ سے بھی 10 نومبر تک عبوری ضمانت کروا رکھی ہے۔

گذشتہ ہفتے اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو 10 نومبر تک ملزم کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت پر سماعت کی تھی۔ کمرۂ عدالت کے باہر موجود مقامی صحافیوں کے مطابق مسٹر پتلو ایک وہیل چیئر پر بیٹھے اور چہرے پر ماسک لگائے عدالت کے احاطے میں داخل ہوئے تھے۔

حفاظتی ضمانت ملنے کے بعد ٹک ٹاکر خود چل کر سیڑھیاں اترے اور پھر وہیل چیئر پر بیٹھ کر اپنے وکیل کے ہمراہ روانہ ہوگئے۔

ملزم کے وکیل قاسم نواز عباسی نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ان کے موکل نے تقریب کے انعقاد کے لیے سیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ سے این او سی یعنی اجازت نامہ حاصل کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ اس تقریب کے لیے امن و امان قائم کرنے کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کی تھی۔

انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا تب ان کے موکل موقع پر موجود نہیں تھے بلکہ وہ ’علاج کی غرض سے ایک ہسپتال میں تھے۔‘

انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ’موکل کو خطرہ ہے کہ کہیں سی سی ڈی کے اہلکار انھیں پولیس مقابلے میں ہلاک نہ کر دیں۔‘

انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب پولیس ان کے موکل کی فیملی کو ’تنگ کر رہی ہے۔ پولیس اہلکار گھر سے موبائل فون اور دیگر اشیا اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔‘

ان دعوؤں پر سیالکوٹ کی پولیس نے کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔

یہ واقعہ پیش آنے کے بعد ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ’یہ ایک حادثہ ہے اور میں مریم نواز اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے درخواست کرتا ہوں کہ اس حادثے کو میرے اُوپر نہ ڈالا جائے، میرا کوئی قصور نہیں۔۔میں نے کچھ نہیں کیا۔۔۔ میں تو اُدھر تھا ہی نہیں۔‘

انھوں نے اپنی شادی کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کے اظہار کے ساتھ ساتھ خود کو قصوروار نہ ٹھہرانے کی اپیل بھی کی تھی۔

مسٹر پتلو کا مزید کہنا تھا کہ وہ ’طبیعت ٹھیک ہونے کے بعد خود پولیس کے سامنے پیش ہو جائیں گے۔‘

تاہم پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف، جو سیالکوٹ ہی سے تعلق رکھتے ہیں، نے ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ’ٹک ٹاکر اپنا اثرو رسوخ استعمال کرکے قانون کو بے اثر بنا رہا ہے۔‘

اُنھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا ’یہ سارا ڈرامہ اس ٹک ٹاکر نے مزید کمائی کے لیے کیا۔ انعامات اس کی انویسٹمنٹ تھی اور کمائی سوشل میڈیا سے۔ علاقے کے غریب عوام کی غربت کا مذاق بنایا گیا اور ایک بڑے ہجوم میں بھگدڑ میں دو انسانی جانیں گئیں اور درجنوں لوگ زخمی ہوئے۔‘

سیالکوٹ کے فراز سٹیڈیم میں کیا ہوا تھا؟

پولیس کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق سات اکتوبر کی شام ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب جاری تھی اور اُنھوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے موٹر سائیکلوں اور کار سمیت دیگر انعامات کا لالچ دے کر لوگوں کو مدعو کر رکھا تھا، جس پر کثیر تعداد میں لوگ وہاں جمع ہو گئے۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا کہ اس دوران مسٹر پتلو نے سٹیج پر آ کر اعلان کیا کہ تمام لوگ فوری طور پر گراؤنڈ میں آ جائیں، جس پر لوگوں نے ایک دم اندر جانے کی کوشش کی جس سے بھگدڑ مچ گئی اور دو افراد ہلاک ہو گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سٹیڈیم کے باہر بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں اور وہ اچانک گراؤنڈ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں جس پر وہاں موجود سکیورٹی گارڈز اُن کا راستہ روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس دوران سکیورٹی پر مامور افراد لوگوں پر لاٹھی چارج بھی کرتے ہیں اور انھیں واپس باہر دھکیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بی بی سی آزادانہ ذرائع سے اس ویڈیو کی تصدیق نہیں کر سکا۔

پولیس کے مطابق شادی کی تقریب میں عام لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مسٹر پتلو کی ٹیم کی طرف سے سوشل میڈیا پر یہ مشتہر کیا گیا کہ مہندی کی تقریب میں عام لوگوں میں دو کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے، اس کے علاوہ ایک کار، 50 موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور کئی دیگر بیش قیمت تحائف کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

سیالکوٹ کے علاوہ اردگرد کے اضلاع گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد، منڈی بہاؤ الدین اور نارووال سے بھی لوگوں کی بڑی تعداد فراز سٹیڈیم میں مقررہ وقت سے کافی پہلے پہنچ چکی تھی۔

’ایونٹ شروع ہونے سے پہلے ہی این او سی منسوخ کر دیا گیا تھا‘

دوسری جانب مقامی انتظامیہ کے مطابق ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کو مہندی کی تقریب ڈسکہ روڈ پر واقع فراز سپورٹس سٹیڈیم میں منعقد کرنے کے لیے اجازت نامہ جاری کیا تھا، لیکن بعدازاں شرائط کی خلاف ورزی پر اسے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابقٹک ٹاکر کو ڈسکہ روڈ میں چار دیواری کے اندر نجی فنکشن کے دوران محفلِ سماع وغیرہ کے انعقاد کے لیے این او سی جاری کیا گیا تھا، لیکن ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی اسے منسوخ کر دیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ این او سی میں پروگرام کے آغاز کا وقت نمازِ عشا کے بعد مقرر کیا گیا تھا، تاہم نجی فنکشن کے آرگنائزرز کی جانب سے شام تقریباً چار بجے ہی ایونٹ کے انتظامات میں خلاف ورزیوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے این او سی منسوخ کر دیا۔

پولیس کے مطابق منتظمین نے اجازت نامے کی شرائط اور حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔ بھگدڑ کے دوران مین ڈسکہ سیالکوٹ روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ ہنگامہ آرائی اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچنے کے واقعات بھی پیش آئے۔

مسٹر پتلو کون ہیں؟

مسٹر پتلو کا اصل نام انصر محمود ہے اور وہ سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر لائیو میزبان ہیں، انھیں ٹک ٹاک پر براہِ راست بات چیت اور لوگوں کے ساتھ گفتگو کے ذریعے شہرت ملی، وہ اس وقت پاکستان کے چند مشہور اور سب سے زیادہ پیسے کمانے والے ٹک ٹاکرز میں شمار ہوتے ہیں۔

مسٹر پتلو اپنے انٹرویوز میں اپنی زندگی کے ابتدائی حالات اور مالی مشکلات کے بارے میں گفتگو کر چکے ہیں کہ کس طرح اُنھوں نے مزدوری کی اور ایک وقت میں رکشا بھی چلایا۔

اُن کے ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاکھوں فالورز ہیں، سوشل میڈیا پر مسٹر پتلو کی ٹک ٹاک لائیو کے دوران گفتگو اور گفٹنگ سے ہونے والی آمدن پر سوالات اُٹھتے رہے ہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US