بجلی چوری کی روک تھام اور ٹارگٹڈ لوڈشیڈنگ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے لیسکو کے صارفین سے 24 ارب روپے وصول کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا، ٹرانسفارمرز پر جدید اے پی ایم ایس سسٹم نصب کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے لیسکو میں مجموعی طور پر 24 ارب روپے کی لاگت سے ایڈوانسڈ پاور میٹرنگ سسٹم نصب کیا جائے گا، جس کے تحت 100 اور 200 کے وی اے کے تقریباً 40 ہزار ٹرانسفارمرز کو جدید نظام سے منسلک کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک سے حاصل کردہ قرض کی واپسی بجلی کے ٹیرف کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ 24 ارب روپے کی رقم لیسکو صارفین سے وصول کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کے پرانے اور بوسیدہ ٹرانسفارمرز پر جدید سسٹم کی تنصیب تکنیکی طور پر موزوں نہیں ہوگی، جبکہ ایک ٹرانسفارمر پر اے پی ایم ایس کی تنصیب پر 5 سے 6 لاکھ روپے تک لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔
ذرائع کے مطابق بعض صورتوں میں جدید سسٹم کی تنصیب کی لاگت ٹرانسفارمر کی اپنی قیمت سے بھی بڑھ جائے گی۔ منصوبے کا مقصد بجلی چوری کی نشاندہی، نقصانات پر قابو پانے اور ٹارگٹڈ لوڈشیڈنگ کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔