پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف فی الحال فوجی کارروائی ضروری نہ ہونے کے بیان کے بعد زبردست تیزی لوٹ آئی، کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو صبح 10 بج کر 50 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 3,487.88 پوائنٹس اضافے کے بعد 177,374.56 پوائنٹس پر پہنچ گیا جو 2.01 فیصد کی تیزی ظاہر کرتا ہے۔
اسٹاک مارکیٹ میں آٹوموبائل، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس، آئل مارکیٹنگ اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے حصص میں بھرپور خریداری دیکھی گئی۔
ماری پیٹرولیم، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی ایس او، حبکو، ایچ بی ایل، ایم سی بی، ایم ای بی ایل اور یو بی ایل کے شیئرز بھی مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریباً چھ ماہ کی سب سے مضبوط ہفتہ وار تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، جب کے ایس ای 100 انڈیکس 7,477.44 پوائنٹس یعنی 4.5 فیصد اضافے کے بعد 173,886.69 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔