حکومت نے مالی سال 2026-27 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 220 ارب روپے وصول کرلیے، جبکہ رواں مالی سال کے لیے اس مد میں مجموعی طور پر 1.676 ٹریلین روپے جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے ذریعے حکومت کے خزانے میں 220 ارب روپے جمع ہوئے ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1.676 ٹریلین روپے وصول کرنے کا تخمینہ لگایا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ مالی سال کے ابتدائی بجٹ تخمینے میں پیٹرولیم لیوی سے 1.468 ٹریلین روپے جمع کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا، تاہم مالی سال کے اختتام پر اس مد میں اصل وصولیاں بڑھ کر 1.567 ٹریلین روپے تک پہنچ گئیں، جو ابتدائی ہدف سے تقریباً 100 ارب روپے زیادہ تھیں۔
اس طرح گزشتہ مالی سال میں بھی حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں مقررہ ہدف سے زیادہ رقم جمع کی تھی، جبکہ رواں مالی سال کے لیے وصولیوں کا ہدف گزشتہ سال کی اصل وصولیوں کے مقابلے میں مزید بڑھا دیا گیا ہے۔