وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایس ای او سمٹ سے قبل اسلام آباد کے تمام زیر تعمیر ہوٹلوں کی تکمیل اور موجودہ ہوٹلوں کے معیار میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ آنے والے معزز مہمانوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ایس ای او سمٹ سے قبل وفاقی دارالحکومت کے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات اور پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے تمام زیر تعمیر ہوٹلوں کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے، ہوٹل مالکان سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے موجودہ ہوٹلوں کی تزئین و آرائش اور معیار بہتر بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ مقامی ہوٹلوں کو بین الاقوامی ہوٹل چینز کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے روابط قائم کیے جائیں، جبکہ متعلقہ حکام ہوٹل مالکان اور عالمی ہوٹل چینز کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے اقدامات کریں۔
اجلاس کو ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کو بین الاقوامی معیار کے ہوٹل میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو سے ملحقہ عمارت میں بین الاقوامی معیار کا مال بھی تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ منصوبے کے لیے بین الاقوامی ہوٹل چین کی مشاورت سے جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو پر تعمیراتی کام کا آغاز یکم جنوری سے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وزیر داخلہ نے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متعلقہ تربیتی اداروں کے تعاون سے خصوصی کورسز شروع کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ نئے ہوٹلوں کے فعال ہونے تک تربیت یافتہ افرادی قوت دستیاب ہو۔
اجلاس میں کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش اور نئے ہال کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو ایس ای او سمٹ کے لیے مکمل طور پر تیار کرنا ہے اور پاکستان آنے والے معزز مہمانوں کے شایان شان انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔