وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ویکسین کی خریداری میں دس ارب روپے کی کرپشن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں سرکاری خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا اور نہ ہی ویکسین فراہم کرنے والی کمپنی کو کوئی ادائیگی کی گئی ہے، جبکہ 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے نادرا کے اکاؤنٹ میں محفوظ ہیں۔
وزیر صحت نے بتایا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کے حکام نے وزارتِ صحت اور پیپرا قواعد کو بائی پاس کرتے ہوئے قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی کی، جس پر وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر سو فیصد عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔
معاملہ عدالت اور ایف آئی اے کے پاس جانے کے بعد متعلقہ ذمہ داران کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے، جبکہ انکوائری رپورٹ عوام کے لیے وزارتِ صحت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی جائے گی۔