بنگلہ دیش میں پولیس نے معزول وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے حامیوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں فائر کی ہیں۔ یہ مظاہرین شیخ حسینہ کی ملک واپسی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
بنگلہ دیش میں پولیس نے معزول وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے حامیوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں فائر کی ہیں۔ یہ مظاہرین شیخ حسینہ کی ملک واپسی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
ضلع گوپال گنج میں پولیس کی ایک گاڑی کو نذر آتش کیا گیا۔ یہاں عوامی لیگ کی ممنوع طلبہ تنظیم کے ارکان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں۔
شیخ حسینہ کے حامی کارکنوں کی ملک گیر احتجاجی تحریک اس بیان کے ایک دن بعد شروع ہوئی جس میں سابق رہنما نے کہا تھا کہ انھوں نے انڈیا میں جلاوطنی کے دوران بنگلہ دیش واپس آنے کے لیے نئے پاسپورٹ کی درخواست دی ہے۔
اگست 2024 میں شیخ حسینہ کے خلاف عوامی بغاوت اور انھیں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد بنگلہ دیش چھاترا لیگ (بی سی ایل) نامی طلبہ تنظیم کے احتجاج کو طاقت کے پہلے منظم مظاہرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، 'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
شیخ حسینہ نے دسمبر 2026 میں بنگلہ دیش واپس آنے کا اعلان کر رکھا ہےبنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حمایت میں احتجاج
ملک کے بعض حصوں میں ٹریفک متاثر ہوئی کیونکہ مظاہرین نے جلتے ہوئے ٹائروں کے ذریعے سڑکیں بند کرنے کی کوشش کی۔ احتجاج سے قبل بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں میں کئی مسافر گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی گئی۔
منگل کی علی الصبح شہر فرید پور میں ایک مسافر بس کے 60 سالہ ڈرائیور کی دھوئیں سے دم گھٹنے کے باعث موت ہو گئی۔ مظاہرین نے یہاں ایک گاڑی کو نذر آتش کیا تھا۔
دوسری جانب تقریباً 200 مظاہرین نے مختصر وقت کے لیے دریائے گنگا پر قائم 6.2 کلومیٹر (چار میل) طویل پدما پل پر ٹریفک روک دی، جو دارالحکومت ڈھاکہ کو جنوب مغربی علاقے سے ملاتا ہے۔
بنگلہ دیشی مقامی میڈیا کے مطابق گذشتہ چند دنوں کے دوران ڈھاکہ اور دیگر مقامات پر دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
بنگلہ دیش کے وزیرِ داخلہ صلاح الدین احمد نے کہا کہ ’سرحد پار (انڈیا) سے ملک کے اندر کسی سازش کے ذریعے امن و امان کی صورتِ حال خراب کرنے یا عدم استحکام پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔‘
بی سی ایل کے ایک سینیئر رہنما، جو اس وقت جلاوطن ہیں، نے کہا کہ ’پرتشدد واقعات کے ذمہ دار ہمارے حامی نہیں تھے۔ یہ نامعلوم شرپسندوں نے کیا۔ ہم پُرامن احتجاج پر یقین رکھتے ہیں۔‘
شیخ حسینہ دو سال قبل ایک بڑی عوامی بغاوت کے بعد ہمسایہ ملک انڈیا فرار ہو گئی تھیں، جس کے ساتھ ان کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ ہو گیا تھا۔
اپوزیشن جماعتوں نے حسینہ پر سیاسی مخالفین کو قید کرنے، اختلافی آوازوں کو دبانے اور وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا تھا۔ وہ ہمیشہ ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہیں۔
اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق 2024 میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران 1,400 تک افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے بیشتر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مارے گئے۔
ان کے ملک چھوڑنے کے فوراً بعد عوامی لیگ کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی اور اسے فروری کے عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
بنگلہ دیش کے ایک خصوصی ٹریبونل نے گذشتہ برس انسانیت کے خلاف جرائم میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد ان کو غیر حاضری میں سزائے موت سنائی تھی۔
انھوں نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے مقدمے کو ’جانبدارانہ اور سیاسی محرکات پر مبنی‘ قرار دیا تھا۔
سزائے موت کے خطرے کے باوجود حسینہ نے کہا تھا کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آنا چاہتی ہیں اور اس مقصد کے لیے نئی دہلی میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن سے پاسپورٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔
تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے کہا کہ ملک انھیں پاسپورٹ فراہم نہیں کرے گا اور انھیں ’دہشت گرد‘ قرار دیا ہے۔
بنگلہ دیش کے جونیئر وزیرِ خارجہ ہمایوں کبیر نے کہا کہ ’وہ ایک مفرور مجرم ہیں۔ ہمارے اور انڈیا کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا فعال معاہدہ موجود ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ انھیں ہمارے حوالے کیا جائے۔‘
کبیر نے سوال کیا کہ ’کیا ہمیں ان کے ساتھ ایک عام مسافر جیسا سلوک کرنا چاہیے اور انھیں کہنا چاہیے کہ آ کر اپنے سسرال میں ملاقات کر لیں؟‘
بنگلہ دیش میں ایک سرکاری وکیل نے منگل کو کہا کہ اگر وہ واپس آئیں تو فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا کیونکہ وہ اپیل کا موقع گنوا چکی ہیں۔
عوامی لیگ کے رہنما الزام عائد کرتے ہیں کہ گذشتہ دو برسوں میں ہجوم کے تشدد میں سینکڑوں حامی مارے جا چکے ہیں اور درجنوں افراد سکیورٹی فورسز کی حراست میں ہلاک ہوئے ہیں۔
ڈھاکہ کے حکام اس الزام کو مسترد کرتے ہیں کہ عوامی لیگ کے حامیوں کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ادھر بنگلہ دیش میں پابندیوں کا سامنا کرنے والی شیخ حسینہ کی پارٹی عوامی لیگ نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حکومت شیخ حسینہ سے خوفزدہ ہے، اور اسی لیے وہ انھیں پاسپورٹ یا سفری دستاویز (ٹریول پاس) جاری کرنے پر آمادہ نہیں ہے۔
پارٹی کے ترجمان محمد علی عارفات نے بی بی سی بنگلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب حکومت کا مؤقف یہ تھا کہ اگر شیخ حسینہ ملک واپس آنا چاہیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ تاہم، اُن کے بقول، اب حکومت انھیں وطن واپسی کے لیے درکار کسی بھی قسم کی سہولت یا معاونت فراہم نہیں کر رہی ہے۔
بنگلہ دیش میں جنگی جرائم کی ایک عدالت نے طلبہ کے خلاف پُرتشدد کریک ڈاؤن کے معاملے میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو موت کی سزا سُنا رکھی ہےوہ معاملہ جو ڈھاکہ اور نئی دہلی کے لیے دردِ سر بنا ہوا ہے
چند ماہ قبل شیخ حسینہ نے دلی میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ وہ دسمبر 2026 میں ڈھاکہ واپس جائیں گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ واپس جانے کے بعد عدالت کے سامنے خود کو قانون کے حوالے کریں گی۔ تاہم انھوں نے ابھی تک واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔
اگرچہ شیخ حسینہ نے انڈیا میں باضابطہ طور پر پناہ نہیں لے رکھی ہے لیکن انڈین حکومت سے اُن کی قربت اور دلی میں قیام سے انڈیا اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں خاصی تلخی پیدا ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش میں نئی حکومت کے قیام کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان اس معاملے پر پیدا ہونے والا تعطل ٹوٹ نہیں سکا ہے۔
انڈیا کی معروف تجزیہ کار نروپما سبھرا منین نے بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کی حکومت یہ نہیں چاہتی کہ شیخ حسینہ ایک معمول کے مسافر کی طرح اپنا پاسپورٹ دکھا کر ہوائی جہاز سے ڈھاکہ پہنچ جائیں۔
’بنگلہ دیش کی حکومت انھیں ایک مجرم مانتی ہے اور عدالت انھیں سزا بھی دے چکی ہے۔ انھوں نے پاسپورٹ کے لیے جو درخواست دی ہے وہ بھی بنیادی طور پر ایک سیاسی اشارہ ہی ہے۔‘
نروپما سبھرا منین کے بقول اس معاملے پر بنگلہ دیش کی حکومت جو چاہتی ہے اور شیخ حسینہ اور انڈیا کی جو خواہش ہے اس میں بہت بڑا فرق ہے۔
شیخ حسینہ دو برس سے زیادہ عرصے سے دلی میں مقیم ہیں اور بنگلہ دیش انڈیا سے اُن کی حوالگی کا مطالبہ کرتا آیا ہے’دونوں باہم متضاد موقف پر قائم ہیں۔ شیخ حسینہ اُس طرح واپس نہیں جائیں گی جیسے ڈھاکہ کی حکومت چاہتی ہے، وہ سیاسی طریقے سے ہی واپس جانا چاہتی ہیں، جیسے ماضی میں پڑوسی ملک میں بے نظیر اور نواز شریف جیسے رہنما خودساختہ جلاوطنیاں ختم کر کے اسلام آباد واپس آئے تھے۔ لیکن اس صورتحال نے انڈیا کے لیے بھی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔‘
ڈھاکہ میں بی بی سی بنگلہ سروس کے سربراہ میر صابر کا کہنا ہے کہ ’اگر حکومت سابق وزیر اعظم کو قانونی طریقے سے حوالگی معاہدے کے طور پر ڈھاکہ لانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ اسے اپنی حکومت کی ایک کامیابی کے طور پر پیش کر سکے گی۔‘
’لیکن اگر شیخ حسینہ اپنے طور پر اور سیاسی طریقے سے واپس آتی ہیں تو وہ دوسری طرح کا پیغام ہو گا، اور بنگلہ دیشی حکومت اس نوعیت کا کوئی پیغام نہیں دینا چاہتی۔‘
میر صابر کہتے ہیں کہ شیخ حسینہ کی جانب سے پاسپورٹ کی درخواست داخل کیے جانے سے انڈیا کی صورتحال میں تبدیلی آئی ہے۔
’انڈیا اب یہ کہہ سکتا ہے کہ شیخ حسینہ نے ڈھاکہ واپس جانے کے لیے پاسپورٹ کے لیے درخواست دی ہے اور یہ کہ اب اُن کی واپسی کا فیصلہ ڈھاکہ کے ہاتھ میں ہے۔ لیکن ایسا لگتا نہیں ہے کہ انھیں پاسپورٹ جاری کیا جائے گا اور غالب امکان یہی ہے کہ موجودہ صورتحال برقرار رہے گی۔‘
میر صابر کا خیال ہے کہ ڈھاکہ کے سیاسی حلقوں میں عام خیال یہی ہے کہ ڈھاکہ لوٹنے کے شیخ حسینہ کے اعلان کا مقصد ان کی سیاسی جماعت عوامی لیگ کے کارکنوں اور رہنماؤں میں نیا جوش پیدا کرنا ہے۔
یاد رہے کہ طلبہ کی تحریک کے بعد شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کے بیشتر رہنما روپوش ہو گئے ہیں یا بیرون ممالک چلے گئے ہیں اور فی الحال پارٹی کے کارکن قیادت کے فقدان کے سبب مایوس ہو کر غیر فعال نظر آتے ہیں۔
ایک خیال یہ بھی ہے کہ شیخ حسینہ کی عمر اب 80 برس ہو چکی ہیں اور اگر وہ اس مرحلے پر واپس نہیں آتیں تو ایسے میں پارٹی کی مشکلات اور بڑھ جائیں گی۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسی صورتحال ہے جس نے شیخ حسینہ کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کی حکومت کے لیے بھی پیچیدگی پیدا کر دی ہے۔
انڈیا کو یہ صورتحال اس مرحلے پر بھلے ہی موافق لگ رہی ہو لیکن اس کا جو بھی نتیجہ سامنے آئے گا وہ دونوں ملکوں کے تعلقات کے لیے مزید پیچیدگی پیدا کر سکتا ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔