وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس COP31 کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے آج انتہائی مصروف دن گزاریں گے۔
وزیراعظم ترک صدر رجب طیب اردوان کی میزبانی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس بعنوان ’’2035 تک صاف توانائی کی منتقلی: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘‘ میں شرکت کریں گے اور قابلِ تجدید توانائی کے حوالے سے پاکستان کا وژن پیش کرتے ہوئے اہم خطاب کریں گے۔
وزیراعظم COP31 کے سربراہی اجلاس میں پاکستان کا قومی بیانیہ بھی پیش کریں گے، جس میں ماحولیاتی انصاف، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور اس سے متاثرہ ممالک کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا جائے گا۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلی سمیت باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف شام کو ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دیے جانے والے پروقار گالا ڈنر میں بھی شرکت کریں گے۔