پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان پسِ پردہ رابطے، عمران خان کے اہلِ خانہ بھی شامل ہونے کا دعویٰ

image

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکام کے درمیان مبینہ پسِ پردہ رابطوں میں اہم پیشرفت کا دعویٰ سامنے آیا ہے، ذرائع کے مطابق پہلی مرتبہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اہلِ خانہ بھی ان رابطوں کا حصہ بن گئے ہیں، جس کے باعث آئندہ چند روز میں بعض معاملات پر پیشرفت کی توقع کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کے اہلِ خانہ کی رابطوں میں شمولیت کو سیاسی کشیدگی کم کرنے اور بانی پی ٹی آئی، ان کے خاندان اور پی ٹی آئی کو درپیش معاملات کو محاذ آرائی کے بجائے بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ رابطوں کے نتیجے میں بعض معاملات پر پیشرفت بھی ہوئی ہے، جس میں عمران خان کے اہلِ خانہ اور ان کی بہنوں کی ملاقات کا انتظام بھی شامل ہے۔ اس پیشرفت کو مزید رابطوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں بعض ٹھوس نتائج سامنے آنے کا امکان ہے، جبکہ عمران خان کی دو بہنوں کو بھی ممکنہ طور پر رہائی مل سکتی ہے، تاہم ان کی رہائی کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان یا سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق پسِ پردہ رابطوں میں پی ٹی آئی کے بعض اہم رابطہ کاروں کے علاوہ حکومتی اور سرکاری حلقے بھی شامل ہیں، تاہم رابطوں میں شریک افراد فی الحال اپنے کردار کو منظرعام پر لانے سے گریزاں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان بھی رابطوں کے عمل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے رابطہ کیے جانے پر انہوں نے مبینہ رابطوں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

دوسری جانب عمران خان کے بہنوئی احد خان کو بھی میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران ان پسِ پردہ رابطوں کا اعتراف کرتے ہوئے سنا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان سیاسی کشیدگی برقرار ہے اور مسلسل محاذ آرائی، سخت بیانات اور باہمی اختلافات کے باعث سیاسی تعطل میں کمی نہیں آ سکی۔

رابطوں سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے اہلِ خانہ کی شمولیت سے مذاکرات اور رابطوں کے مزید راستے کھلنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ مبینہ طور پر ان کوششوں کا مقصد متنازع معاملات کو مزید سیاسی کشیدگی کا باعث بننے سے روکنا اور باہمی رابطوں کے ذریعے حل کی جانب بڑھنا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اگر موجودہ کوششیں کامیاب ہوئیں تو یہ عمل حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان محاذ آرائی میں کمی اور وسیع تر سیاسی مفاہمت کی جانب ابتدائی قدم ثابت ہوسکتا ہے


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US