اسلام آباد: معاشی استحکام کے بعد پاکستان کو حقیقی معاشی ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

image

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی استحکام کے حصول کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے، اب ملک کو کم شرح نمو اور بے روزگاری کے مسائل سے نکل کر حقیقی معاشی ترقی پر توجہ دینا ہوگی۔

اپنے بیان میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی کی اوسط شرح نمو محض 2.1 فیصد رہی، جبکہ معاشی استحکام کے نتیجے میں کم ترقی اور بلند بے روزگاری جیسے چیلنجز سامنے آئے۔ پاکستان کا بینکاری شعبہ گزشتہ پانچ سال میں نمایاں ترقی کر چکا ہے، تاہم زراعت سمیت اہم پیداواری شعبے اب بھی ڈھائی فیصد سے زیادہ شرح نمو حاصل کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔

سلیم اللہ کے مطابق ملک میں تقریباً 29 لاکھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کو بینکوں سے قرضوں کی سہولت دستیاب نہیں، جس کے باعث چھوٹے کاروباروں اور زرعی شعبے کی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔ ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کرنے اور ان شعبوں کو مالی سہولیات کی فراہمی بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کی ترقی کے لیے صارفین کی قوت خرید میں اضافہ ضروری ہے۔ بینکوں کو منافع کمانے کے ساتھ صارفین کے مفادات کا بھی خیال رکھنا چاہیے اور صرف کرنٹ اکاؤنٹس تک محدود رہنے کے بجائے جدید اور مفید بینکاری مصنوعات متعارف کرانی چاہئیں، تاکہ صارفین کو حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کی ترسیلات زر 45 ارب ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے لیے بہتر اور پرکشش مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ مناسب سرمایہ کاری مصنوعات اور مواقع نہ ہونے کے باعث ترسیلات زر دیگر شعبوں میں استعمال ہو جاتی ہیں۔

سلیم اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے متعدد پلیٹ فارمز موجود ہیں جو پاکستان کے بینکاری شعبے کے لیے ترقی کے نئے امکانات پیدا کر سکتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مالیاتی خدمات کو مزید مؤثر اور عام آدمی کی ضروریات کے مطابق بنایا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US