سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں نے گیس کی اوسط قیمتوں میں اضافے کے لیے درخواستیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں جمع کرا دی ہیں، دونوں کمپنیوں نے مجوزہ اضافہ رواں مالی سال یکم جولائی سے نافذ کرنے کی استدعا کی ہے۔
درخواست کے مطابق سوئی ناردرن نے گیس کی اوسط قیمت میں 10 روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی تجویز دی ہے، جس کے بعد قیمت 1702 روپے سے بڑھا کر 1712 روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
سوئی سدرن نے گیس کی اوسط قیمت میں 366 روپے 75 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی ہے، جس کے بعد اوسط قیمت 2071 روپے 75 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
سوئی ناردرن کی درخواست میں ایل این جی سروس کی لاگت کی مد میں 60 ارب 14 کروڑ 70 لاکھ روپے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق ایل این جی کی لاگت 471 روپے 16 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو بنتی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ موسم سرما کے دوران مقامی گیس کی دستیابی محدود ہونے کے باعث اضافی گیس کا انتظام کرنا ہوگا، جس کے لیے ایل این جی کے 16 کارگوز درکار ہوں گے۔
سوئی گیس کمپنیوں نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کو بھی گیس کی قیمت بڑھانے کی وجوہات میں شامل کیا ہے۔
اوگرا سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کی درخواستوں پر سماعت کرے گا، جس کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔