پاک بھارت تنازعات کا حل عالمی قوانین اور مذاکرات کے ذریعے ہونا چاہیے، اعظم نذیر تارڑ

image

وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن کا راستہ عالمی قوانین اور باہمی معاہدوں کی پاسداری سے ہی نکل سکتا ہے، سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی مجموعی آبادی تقریباً ایک ارب 75 کروڑ ہے، خطے میں پائیدار امن کے لیے دونوں ممالک کو عالمی قوانین اور معاہدوں کا احترام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے عائد الزامات پر کسی بھی عالمی ادارے سے آزادانہ تحقیقات کرانے کی پیشکش کی، تاہم بھارت نے تحقیقات قبول کرنے کے بجائے پاکستان پر حملہ کرنے کا راستہ اختیار کیا۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تنازعات کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور عالمی قوانین کی روشنی میں تلاش کیا جانا چاہیے۔ سندھ طاس معاہدہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد معاہدہ ہے جو دونوں ممالک کے درمیان متعدد جنگوں کے باوجود کئی دہائیوں تک برقرار رہا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کسی ایک فریق کو سندھ طاس معاہدے سے یکطرفہ طور پر دستبردار ہونے یا اسے معطل کرنے کا اختیار حاصل نہیں، معاہدے میں تبدیلی یا اس کی معطلی کے لیے دونوں فریقوں کی رضامندی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے، جبکہ پانی کے حوالے سے زیریں علاقوں میں رہنے والی آبادی کے حقوق بھی عالمی قانون کے تحت تسلیم شدہ ہیں۔ بھارتی اقدام سے زیریں علاقوں میں آباد لوگوں کے انسانی حقوق بھی متاثر ہوتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US