ایران کا بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم پر حملے کا دعویٰ، 7 شرائط ماننے تک آبنائے ہرمز بند رکھنے کا اعلان

image

ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ائیربیس پر نصب امریکی ریڈار سسٹم پر حملہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس صورتحال کے پیش نظر بحرین میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، تاہم بحرینی حکام کا مؤقف ہے کہ ان کی مسلح افواج نے ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے۔

ادھر ایرانی عسکری حکام نے خطے میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو اپنا جائز ہدف قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی غلط فہمی یا غلط اندازے کی صورت میں ایسا سخت اور بھرپور ردعمل دیا جائے گا جس کے اثرات موجودہ جغرافیائی حدود سے بھی آگے تک محسوس کیے جائیں گے۔

آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرامینیا نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ جب تک امریکا کی جانب سے ایران کی سات شرائط تسلیم نہیں کی جاتیں، اس وقت تک آبنائے ہرمز کو آمدورفت کے لیے نہیں کھولا جائے گا۔

انہوں نے عالمی بحری جہازوں کو تنبیہ کی کہ وہ آبنائے ہرمز عبور کرنے کے لیے امریکا کے تجویز کردہ متبادل سمندری راستوں پر انحصار نہ کریں، کیونکہ زمینی حقائق کے مطابق ان راستوں کو اختیار کرنے والے جہازوں کو سمندری بارودی سرنگوں، فائرنگ اور دھماکوں جیسے شدید خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایرانی فوج کے ترجمان نے مزید واضح کیا کہ بحری جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت صرف اسی صورت ممکن ہے جب وہ ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں رہیں اور ان کے متعین کردہ راستوں کی پابندی کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US