امریکا میں جنسی اسمگلنگ کے الزامات کا سامنا کرنے والے جیفری ایپسٹین کی موت ایک بار پھر سوالات کی زد میں آگئی، فارنزک ماہر ڈاکٹر مائیکل فری مین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایپسٹین نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے قتل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر مائیکل فری مین کے مطابق انہوں نے گزشتہ ایک سال سے ایپسٹین کی پوسٹ مارٹم رپورٹس اور تصاویر کا جائزہ لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گردن پر موجود نشانات پھندے کے بجائے گلا گھونٹنے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔
دوسری جانب جیفری ایپسٹین کے بھائی مارک ایپسٹین نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ڈاکٹر فری مین کی خدمات حاصل کی ہیں۔
واضح رہے کہ ایپسٹین 2019 میں نیویارک کی جیل میں مردہ پایا گیا تھا۔ نیویارک سٹی کے چیف میڈیکل ایگزمینر، ایف بی آئی اور امریکی محکمہ انصاف نے اس کی موت کو خودکشی قرار دیا تھا۔ جیل محافظوں کے سو جانے اور نگرانی کے کیمروں میں خرابی کے باعث بھی اس واقعے پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔