آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل بحال، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی

image

بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں تین فیصد سے زائد کی نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بنیادی وجہ آبنائے ہرمز کے اہم تجارتی راستے سے تیل کی ترسیل کا بتدریج بحال ہونا اور عالمی سطح پر تیل کی وافر دستیابی کی توقعات ہیں۔

عالمی مارکیٹ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق برطانوی خام تیل (برینٹ کروڈ) کی قیمت میں 3.40 ڈالر یعنی 3.6 فیصد کمی واقع ہوئی، جس کے بعد یہ 92.44 ڈالر فی بیرل کی سطح پر بند ہوا۔ اسی طرح امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کے نرخوں میں بھی 2.84 ڈالر یعنی 3.21 فیصد کمی دیکھی گئی اور اس کی قیمت گھٹ کر 85.72 ڈالر فی بیرل تک آگئی ہے۔

توانائی کے شعبے سے وابستہ عالمی اداروں کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باوجود آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل کی مقدار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ترسیل تقریباً معمول کے قریب پہنچ رہی ہے۔ اس پیش رفت سے عالمی منڈی میں تیل کی قلت کے خدشات کم ہوگئے ہیں اور سپلائی میں اضافے کے باعث قیمتوں پر دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) نے بھی رواں سال کی آخری سہ ماہی میں عالمی منڈی میں تیل کی اضافی سپلائی (سرپلس) کی پیش گوئی کی ہے۔ ایجنسی کے اندازوں کے مطابق روزانہ کی عالمی پیداوار 10 کروڑ 50 لاکھ بیرل تک پہنچنے کا امکان ہے جو عالمی طلب سے تقریباً 17 لاکھ بیرل یومیہ زیادہ ہوگی۔

مزید برآں، ہنگامی ذخائر سے بھی لاکھوں بیرل تیل مارکیٹ میں لانے کے اعلانات نے عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں کو نیچے لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US