وہ چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، والدین کی امید اور اپنے بہتر مستقبل کے خواب آنکھوں میں سجائے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے دھیرکوٹ سے اسلام آباد آیا تھا۔ 21 سالہ سفیان عباسی نے شاید کبھی سوچا بھی نہ ہوگا کہ جس یونیورسٹی میں وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ڈگری حاصل کرنے آیا ہے، وہیں ایک آوارہ کتے کا کاٹنا اس کی زندگی کے خاتمے کا سبب بن جائے گا۔
سفیان عباسی دو برس قبل بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں داخل ہوا تھا۔ چار سمسٹر مکمل کرنے کے بعد وہ پانچویں سمسٹر میں پہنچا ہی تھا۔ ہاسٹل ہی اس کا مسکن تھا اور خواب یہ تھا کہ تعلیم مکمل کرکے اپنے والدین اور چاروں بہنوں کا سہارا بنے گا، مگر ایک المناک واقعے نے اس کے تمام خواب ادھورے چھوڑ دیے۔
10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب سفیان اپنے کمرے سے صرف ایک فون کال سننے کے لیے باہر نکلا اور ہاسٹل فائیو کے گیٹ کے قریب کھڑا ہو گیا۔ وہ فون پر بات کر ہی رہا تھا کہ اچانک ایک آوارہ کتا اس کی طرف لپکا اور اسے کاٹ لیا۔
ساتھی طلبہ فوری طور پر سفیان کو پمز ہسپتال لے گئے، جہاں اس کا علاج شروع کیا گیا اور ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی گئی۔ زخم بھی بھرنے لگا اور بظاہر ایسا محسوس ہوا کہ خطرہ ٹل گیا ہے، لیکن چند ہفتوں بعد معلوم ہوا کہ اصل خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا تھا۔
ذرائع کے مطابق 9 نومبر کو ریبیز ویکسین کا پانچواں اور آخری انجیکشن لگنا تھا، تاہم اس میں تاخیر ہوئی۔ 15 نومبر کی صبح سفیان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، جس پر اسے فوری طور پر دوبارہ پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے ریبیز کے جان لیوا انفیکشن کی تشخیص کی، جس کے بعد اسے مزید علاج کے لیے راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود سفیان کی جان نہ بچ سکی اور 16 اور 17 نومبر کی درمیانی شب 21 سالہ نوجوان ہمیشہ کے لیے اپنے والدین اور چاروں بہنوں کو سوگوار چھوڑ گیا۔
سفیان کے چچازاد بھائی مومن عباسی کے مطابق سفیان کے والد روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہیں اور بیٹے کی موت کی خبر ملنے کے بعد وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پورا خاندان شدید صدمے سے نڈھال ہے جبکہ چار بہنوں کے اکلوتے بھائی کی اچانک موت نے اس کی والدہ اور بہنوں کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔
سفیان کے ہم جماعت شاہزیب علی کے مطابق سفیان ایک ہونہار، محنتی اور مستقبل کے حوالے سے پرعزم طالب علم تھا۔ وہ اپنی ڈگری جلد از جلد مکمل کرنا چاہتا تھا۔ شاہزیب علی کا کہنا ہے کہ سفیان اپنے گھر سے پڑھنے اور کچھ بننے کے لیے نکلا تھا، والدین کا سہارا اور اپنی چار بہنوں کے مستقبل کی امید بننا چاہتا تھا، مگر یونیورسٹی میں موجود ایک آوارہ کتے کے کاٹنے نے اس کی زندگی ہی چھین لی۔
سفیان عباسی کی موت کے بعد بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں آوارہ کتوں کی موجودگی کا مسئلہ نیا نہیں، اس سے قبل بھی طلبہ کو کتوں کے کاٹنے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، مگر انتظامیہ کی جانب سے اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔
طلبہ نے الزام عائد کیا کہ کیمپس میں آوارہ کتوں کے علاوہ دیگر جنگلی جانوروں کی موجودگی کے واقعات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ احتجاج کرنے والے طلبہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے حالات ایسے ہو چکے ہیں کہ کبھی آوارہ کتوں، کبھی جنگلی جانوروں اور کبھی دیگر انتظامی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ سفیان عباسی کی موت نے ان کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے۔ ان کے مطابق اگر بروقت اور مؤثر اقدامات کیے جاتے تو شاید ایک نوجوان طالب علم کو اپنی جان سے ہاتھ نہ دھونا پڑتا۔
مظاہرین نے یونیورسٹی انتظامیہ پر بدانتظامی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے تحفظ، سکیورٹی اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے متعدد مسائل موجود ہیں۔ طلبہ نے بعض اساتذہ کے مبینہ نامناسب رویے، ہراسانی اور کارروائی یا رسٹیکیٹ کیے جانے کی دھمکیوں کی شکایات بھی کیں۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ وہ بھاری فیسیں ادا کرکے تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں، اس کے باوجود انہیں بنیادی تحفظ اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کرنا پڑ رہا ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سفیان عباسی کی موت کے واقعے کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، یونیورسٹی میں آوارہ کتوں کے خاتمے اور طلبہ کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور اس امر کا تعین کیا جائے کہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام کے لیے ذمہ دار اداروں نے کیا اقدامات کیے۔
طلبہ نے صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر داخلہ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ سفیان عباسی کی موت کو محض ایک حادثہ سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق یہ واقعہ یونیورسٹی میں طلبہ کے تحفظ کے انتظامات پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے اور اب انتظامیہ کو جواب دینا ہوگا کہ ایک تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم نوجوان کی جان کو محفوظ بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے تھے۔
سفیان عباسی ایک طالب علم تھا، چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، والدین کی امید تھا اور اپنے مستقبل کے خواب لے کر اسلام آباد آیا تھا۔ وہ ڈگری مکمل کرکے اپنے گھر والوں کا سہارا بننا چاہتا تھا، مگر ایک آوارہ کتے کے کاٹنے سے شروع ہونے والا واقعہ بالآخر اس کے لیے موت کا پیغام بن گیا۔ اس کی موت نے نہ صرف ایک خاندان کو اجاڑ دیا بلکہ یونیورسٹی میں طلبہ کے تحفظ اور انتظامی ذمہ داریوں پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔