ڈھاکہ کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیف چیمپیئن شپ کے فائنل میں انڈیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
ڈھاکہ کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیف چیمپیئن شپ کے فائنل میں انڈیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
میچ سنسنی خیز اور دلچسپ مراحل سے بھرپور رہا۔
چیمپیئن شپ کے فائنل میں پاکستان کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب میچ کے 56ویں منٹ میں جنید شاہ کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، اس کے بعد ٹیم نے بقیہ میچ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔
اگرچہ میچ میں گول کرنے کا کھاتہ پاکستان نے ہی کھولا تھا اور پہلے ہاف کے اختتام تک اسے انڈیا کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔ تاہم سیکنڈ ہاف میں انڈیا نے میچ میں عمدہ واپسی کی اور دو گولز کی بدولت برتری حاصل کر لی۔
پاکستان کی جانب سے واحد گول عالمگیر علی خان غازی نے کیا، جبکہ انڈیا کے لیے سہیل احمد بھٹ اور سندیپ منڈی نے گول سکور کیے۔
ایک ریڈ کارڈ اور انڈیا کی واپسی: میچ میں کیا ہوا؟
میچ کے آغاز پر تیسرے ہی منٹ میں انڈیا کو گول کرنے کا بہترین موقع ملا، لیکن سہیل احمد بھٹ گیند کو گول کی جانب درست انداز میں نہ بھیج سکے۔
اس کے بعد پاکستان نے میچ پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے مسلسل خطرناک حملے کیے۔
17ویں منٹ میں علی اکبر خان تقریباً خالی گول کی جانب شاٹ لگانے میں کامیاب ہو گئے تھے لیکن انڈین دفاع نے بر وقت مداخلت کر کے خطرہ ٹال دیا۔
ایک منٹ بعد ہارس زیب کے عمدہ پاس پر مککیل آرون عبداللہ نے سر سے شاٹ لگایا، مگر انڈین گول کیپر نے آسانی سے گیند پکڑ لی۔
پاکستان نے دونوں کناروں سے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور علی اکبر خان، ہارس زیب اور عبدالصمد شہزاد انڈین دفاع کے لیے مسلسل مشکلات پیدا کرتے رہے۔
34ویں منٹ میں رکی شابونگ کا خطرناک شاٹ یوسف اعجاز بٹ نے بہترین انداز میں روک کر پاکستان کو نقصان سے بچا لیا۔
پہلے ہاف کا فیصلہ کن لمحہ 45ویں منٹ میں آیا جب جنید احمد شاہ کی جانب سے کی گئی پیش قدمی کے بعد گیند عالمگیر علی خان غازی کے پاس پہنچی۔ عالمگیر نے گول کے قریب سے خوبصورت شاٹ کھیل کر گیند جال میں پہنچا دی اور پاکستان کو ایک صفر سے برتری دلائی۔
وقفے تک پاکستان ایک صفر سے آگے تھا اور مجموعی طور پر پہلے ہاف میں زیادہ منظم اور مؤثر ٹیم دکھائی دی۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں انڈیا نے جارحانہ انداز اپنایا اور 51ویں منٹ میں وشنو گول کرنے کے قریب پہنچ گئے، تاہم ان کا شاٹ پاکستانی گول کیپر یوسف اعجاز بٹ سے ٹکرا کر پوسٹ سے باہر چلا گیا۔
دو منٹ بعد وشنو کی ایک اور خطرناک پیش قدمی پر سہیل احمد بھٹ گیند تک نہ پہنچ سکے اور پاکستان ممکنہ نقصان سے بچ گیا۔
میچ کا اہم موڑ 56ویں منٹ میں آیا جب پاکستانی کھلاڑی جنید احمد شاہ کو خطرناک ٹیکل پر ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستان کو بقیہ مقابلہ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔
ریڈ کارڈ کے فوراً بعد انڈیا نے عددی برتری کا فائدہ اٹھایا۔ 56ویں منٹ میں دائیں جانب سے آئی ہوئی گیند دفاعی کھلاڑی کو لگنے کے بعد سہیل احمد بھٹ کے پاس پہنچی، جنھوں نے طاقتور شاٹ کے ذریعے اسے جال میں پہنچا کر مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔
گول کے بعد انڈیا نے دباؤ مزید بڑھا دیا اور پاکستانی دفاع مسلسل حملوں کی زد میں رہا۔
67ویں منٹ میں وشنو کو ایک اور اچھا موقع ملا، لیکن یوسف اعجاز بٹ نے ان کا شاٹ روک کر پاکستان کو مزید نقصان سے بچا لیا۔
اس کے بعد انڈیا نے کھیل پر اپنی گرفت مزید مضبوط کر لی اور زیادہ تر وقت گیند اپنے قبضے میں رکھی، جبکہ پاکستان ایک کھلاڑی کم ہونے کی وجہ سے اپنے ہی حصے میں رہتے ہوئے دفاع پر توجہ دیتا رہا۔
79ویں منٹ میں انڈیا کو ایک اور موقع ملا جب عرفان کی جانب سے دی گئی گیند پر عبد الربیح نے گول کی کوشش کی، تاہم عیسیٰ سلیمان نے بر وقت مداخلت کرتے ہوئے شاٹ بلاک کر دیا۔
میچ کے آخری 15 منٹوں میں انڈین ٹیم مسلسل دباؤ بڑھاتی رہی اور بالآخر 88ویں منٹ میں اسے کامیابی مل گئی۔
دائیں جانب سے ملنے والی کارنر کک پر سندیپ منڈی نے ہیڈر کے ذریعے گیند گول کی جانب بھیجی جو یوسف اعجاز بٹ کو چکمہ دیتے ہوئے جال میں جا پہنچی۔ اس گول نے انڈیا کو 2-1 کی برتری دلا دی۔
گول کے بعد پاکستان نے سکور برابر کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی اور اضافی وقت میں مزید جارحانہ حکمت عملی اپنائی۔
90ویں منٹ میں پاکستان نے حملہ آور لائن مضبوط کرنے کے لیے تبدیلیاں بھی کیں اور زیادہ کھلاڑی آگے بھیجے۔
اضافی وقت کے دوران پاکستان کو ایک کارنر بھی ملا جس پر گول کیپر یوسف اعجاز بٹ بھی آگے آ گئے، تاہم انڈین دفاع نے خطرہ ٹال دیا۔
اسی دوران عبدالصمد شہزاد نے گول لائن کے قریب شاندار دفاع کرتے ہوئے انڈیا کو تیسرا گول کرنے سے روک دیا اور ٹیم کو میچ میں برقرار رکھا۔
تاہم پاکستان آخری لمحات میں برابر گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور ریفری کی اختتامی سیٹی کے ساتھ ہی انڈیا نے 2-1 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیف چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔