بلاول بھٹو کو اب دھاندلی اور سیاسی قیدی کیوں یاد آگئے؟ شہزاد اقبال کے سخت سوالات

image

سینئر صحافی شہزاد اقبال نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ سیاسی بیانات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کیا نئے صوبوں کی بحث شروع نہ ہوتی تو پیپلز پارٹی انتخابی بے ضابطگیوں، اپوزیشن کے حقوق اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کی بات کرتی؟

نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اقبال نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بعض مؤقف درست ہیں، خصوصاً جمہوری نظام کو کمزور کرنے سے متعلق ان کی تشویش، لیکن سوال یہ ہے کہ ان مسائل پر پہلے آواز کیوں نہیں اٹھائی گئی؟

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام ایک اہم آئینی معاملہ ہے جس پر تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت ضروری ہے۔ تاہم سندھ میں انتظامی تقسیم کی بات ہوتے ہی سیاسی بحث کو جذباتی رخ دے دیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق اختلافات کا جواب دلیل اور آئین کی روشنی میں دیا جانا چاہیے، نہ کہ ممکنہ بدامنی کا خدشہ ظاہر کرکے گفتگو محدود کی جائے۔

کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے شہزاد اقبال نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتے جرائم کی تمام ذمہ داری وفاق پر نہیں ڈالی جاسکتی کیونکہ امن و امان برقرار رکھنا صوبائی حکومت کا بنیادی فرض ہے۔ انہوں نے کئی برسوں سے زیر بحث سیف سٹی منصوبے میں تاخیر پر بھی سوال اٹھایا۔

شہزاد اقبال نے پیپلز پارٹی کے سیاسی کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف پارٹی موجودہ حکومتی نظام کا حصہ ہے اور دوسری جانب اسی اسمبلی کی شفافیت پر اعتراض کررہی ہے۔ انہوں نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر بھی سوال کیا کہ جب ان نشستوں کی تقسیم سے پیپلز پارٹی کو فائدہ پہنچ رہا تھا تو اس وقت اس کے خلاف مؤثر آواز کیوں نہیں اٹھائی گئی؟

سیاسی قیدیوں کی رہائی اور اپوزیشن سے مذاکرات کے مطالبات پر ان کا کہنا تھا کہ جمہوری اصولوں کی حمایت حالات کے مطابق تبدیل نہیں ہونی چاہیے۔ اگر کسی سیاسی جماعت کو نظام میں خرابی نظر آتی ہے تو اسے ہر موقع پر یکساں مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US