امریکا کی وفاقی عدالت نے امریکی عہدیدار کے قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ یعنی تقریباً ساڑھے 27 سال قید کی سزا سنا دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 48 سالہ آصف مرچنٹ پر ایرانی ایجنٹ ہونے کا الزام تھا تاہم انہوں نے تمام الزامات مسترد کیے تھے۔ امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ انہیں ایرانی فوج کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے امریکا بھیجا گیا تھا۔
آصف مرچنٹ کو 15 جولائی کو ریاست ٹیکساس سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے مبینہ طور پر امریکی ہٹ مین کو ادائیگی کے لیے پاکستان سے 5 ہزار ڈالر منگوائے تھے۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے آصف مرچنٹ کا پاکستان میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔ امریکی حکام نے بھی اس معاملے پر پاکستان سے معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔