وہ قدیم زیرِ زمین شہر جو شدید گرمی میں ٹھنڈا اور سردی میں گرم رہتا ہے

یہ قدیم شہر اتفاق سے دریافت ہوا تھا لیکن آج اس بات پر غور ہو رہا ہے کہ کیا زیرزمین شہر ہی شدید موسمی حالات سے تحفظ کا ذریعہ ہیں؟ لیکن یہ قدیم شہر کس نے اور کیوں بنایا تھا؟

صدیوں پہلے، کاپادوکیہ کے باشندے اپنے دشمنوں سے بچنے کے لیے زیرِ زمین چلے گئے تھے لیکن وہاں انھیں شدید موسمی حالات سے بھی پناہ ملی۔ لیکن کیا آج کی دنیا میں بھی زیرِ زمین پناہ گاہیں ایک بار پھر تحفظ فراہم کر سکتی ہیں؟

لاکھوں برس تک چلنے والی ہوا اور بارش نے وسطی اناطولیہ کے علاقے کاپادوکیہ کی چٹانوں کو اس طرح تراشا ہے کہ وہ زمین کی سطح کو چیرتے ہوئے سینگوں کی مانند ابھری دکھائی دیتی ہیں۔ سائنس کی وضاحت سے پہلے مقامی لوگ ان غیرمعمولی ساختوں کو مافوق الفطرت قوتوں سے منسوب کرتے تھے۔ اسی لیے ان کا نام ’پریوں کی چمنیاں‘ پڑا۔

لیکن اس غیرمعمولی منظرنامے کے نیچے ایک اور چیز بھی موجود ہے جو شاید اتنی ہی حیرت انگیز ہے: درین کویو، ایک قدیم زیرِ زمین شہر۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، 'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

درین کویو کی تاریک سرنگوں میں اترتے ہوئے، جو ان چمنیوں کے نیچے واقع ہیں، انسان کے تمام حواس زیادہ بیدار ہو جاتے ہیں۔ جلد پر ہوا ٹھنڈی محسوس ہوتی ہے اور پتھریلی دیواریں آپ کے اردگرد سمٹتی محسوس ہوتی ہیں۔ تنگ اور مدھم روشنی والی سرنگیں قدموں کی پراسرار گونج کے سوا تقریباً تمام آوازوں کو نگل لیتی ہیں۔

زمین کی سطح پر آپ شاید برفانی طوفان پیچھے چھوڑ آئے ہوں۔ یا پھر جولائی کا مہینہ ہو اور یہ علاقہ ایک اور ہیٹ ویو کا سامنا کر رہا ہو۔ ممکن ہے آپ کے ہاتھوں میں دستانے ہوں یا چہرے پر پسینہ۔ لیکن درین کویو (جس کا ترکی زبان میں مطلب ’گہرا کنواں‘ ہے) کے اندر درجہ حرارت پورا سال تقریباً 15 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ (59 سے 63 فارن ہائیٹ) کے درمیان رہتا ہے۔

یہ مقام ابتدا میں ساتویں صدی کے وسط سے گیارہویں صدی کے اوائل کے درمیان اس خطے پر حملے کرنے والی عرب افواج سے پناہ لینے کے لیے بنایا گیا تھا، لیکن آج درین کویو ایک مختلف نوعیت کے تحفظ کی تحریک کو جنم دے رہا ہے۔

محققین اور شہری منصوبہ ساز یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ آیا کاپادوکیہ کے زیرِ زمین طرزِ تعمیر کے راز بدلتی ہوئی آب و ہوا کے لیے پناہ گاہوں کی منصوبہ بندی میں مدد دے سکتے ہیں۔

شدید موسمی حالات سے فرار

اوبرک کیو ریسرچ گروپ سرنگوں اور غاروں کے شوقین افراد کی ایک کمیونٹی ہے جس نے اپنے طور پر ترکی کے چند اہم ترین زیرِ زمین ڈھانچوں کا نقشہ تیار کیا ہے، جن میں وہ سرنگیں بھی شامل ہیں جو کبھی دنیا کے سب سے بڑے گرجا گھر، ہاگیا صوفیہ، کے نیچے موجود تھیں۔

بانی اراکین میں سے ایک علی یاماچ گزشتہ 15 برس سے کاپادوکیہ کے غاروں اور زیرِ زمین ڈھانچوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ بہت کم لوگ دعویٰ کر سکتے ہیں کہ وہ زمین کی سطح کے نیچے موجود دنیا کو ان سے بہتر جانتے ہیں۔

یاماچ کے گروپ کے لیے آج بھی کسی غار کا مل جانا شدید موسمی حالات سے راحت کا ذریعہ بنتا ہے۔

وہ کہتے ہیں: ’تمام غاروں میں، خواہ وہ قدرتی ہوں یا انسان کے بنائے ہوئے، درجہ حرارت سال بھر اوپر کی سطح کے اوسط درجہ حرارت کے قریب رہتا ہے۔‘

’گرمیوں میں یہ ٹھنڈے اور سردیوں میں گرم رہتے ہیں، جو ایک بڑی سہولت ہے۔‘

ایک نہایت کٹھن گرمیوں کی مہم کے دوران ان کی ٹیم کسی زیرِ زمین دریافت کی منتظر تھی۔ یاماچ کہتے ہیں: ’مجھے یاد ہے کہ میں دعا کر رہا تھا: ’خدا، براہِ کرم ہمیں کوئی غار والی بستی، کوئی زیرِ زمین پناہ گاہ، کچھ بھی مل جائے تاکہ ہم کسی چٹان کے اندر جا سکیں۔‘

کچھ اندازوں کے مطابق صنعتی دور سے پہلے کے زمانے کے مقابلے میں ترکیہ کا درجہ حرارت پہلے ہی 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ (3.8 فارن ہائیٹ) بڑھ چکا ہے۔

بڑھتا ہوا درجہ حرارت ہیٹ ویوز کو شدید تر اور خشک سالی کو زیادہ عام بنا رہا ہے، جبکہ بارش کے انداز میں تبدیلی آ رہی ہے اور سیلاب کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔

ایک حالیہ مطالعے کے مطابق، اس صدی کے اختتام تک استنبول میں شدید گرمی سے ہونے والی اموات میں دس گنا اضافہ متوقع ہے۔

سردیوں کے مہینوں میں اس کا الٹ مسئلہ بھی موجود ہے۔

کاپادوکیہ میں سردیاں طویل اور برف باری والی ہوتی ہیں اور درجہ حرارت اکثر نقطۂ انجماد سے نیچے چلا جاتا ہے، جس کے باعث مہنگے (اور کاربن کے اعتبار سے زیادہ نقصان دہ) حرارتی حل اختیار کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔

آج جب موسمیاتی تبدیلی نئے چیلنجز پیدا کر رہی ہے تو یاماچ کی دعا میں شاید اس سے کہیں زیادہ حکمت پوشیدہ ہے جتنی پہلی نظر میں محسوس ہوتی ہے۔

اتفاقی دریافت

اس پورے خطے میں موجود انسانوں کے بنائے ہوئے زیرِ زمین پناہ گاہیں محققین کی نظروں سے اوجھل رہیں، یہاں تک کہ 1963 میں اتفاقیہ طور پر درین کویو دریافت ہوا۔

اپنے گھر کی مرمت کرنے والے ایک مقامی شخص نے ایک دیوار گرا دی جس کے نتیجے میں سرنگوں کا ایک جال سامنے آگیا جو پورے علاقے کے نیچے پھیلا ہوا تھا۔

اس نے نہ صرف درین کویو دریافت کیا بلکہ آخرکار یہ بھی سمجھ لیا کہ اس کی کچھ مرغیاں کیسے غائب ہو جاتی تھیں۔

غیرمعمولی حد تک وسیع زیرِ زمین غاروں والے اس علاقے میں درین کویو کی خاص بات اس کا حجم ہے۔

اس کی منزلوں اور گہرائی کے اندازے مختلف ہیں۔ بعض ذرائع چھ سے 12 منزلوں کا ذکر کرتے ہیں جبکہ بعض کے مطابق ان کی تعداد 18 تک ہے اور گہرائی 85 میٹر (280 فٹ) تک پہنچتی ہے۔

1.6 میل (2.5 کلومیٹر) سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا درین کویو 20,000 افراد تک کو چھپا سکتا تھا اور اس میں تقریباً 53 کنویں اور ہوادان موجود تھے۔

سال بھر ملنے والا حرارتی سکون شاید ان خطرناک گرمیوں کے مہینوں میں چھاپہ مار گروہوں سے بچتے ہوئے زندگی کے چند مثبت پہلوؤں میں سے ایک تھا۔

اور اگرچہ آج یہ سرنگیں موسمیاتی پناہ گاہ کے طور پر استعمال نہیں ہوتیں، لیکن دنیا کے دیگر مقامات پر زیرِ زمین جگہیں اس مقصد کے لیے موزوں ثابت ہو سکتی ہیں۔

زیرِ زمین ماسٹر پلان

اطالوی ادارہ برائے ماحولیاتی تحفظ و تحقیق (ISPRA) کے محقق اور یورو جیو سرویز (EGS) اربن جیالوجی ایکسپرٹ گروپ کے چیئرمین فرانسسکو لا وینیا کہتے ہیں: ’عام طور پر ہم اپنے شہروں کو زمین کے اوپر عمودی طور پر پھیلانے کے عادی ہیں۔ لیکن میرے خیال میں ہمیں زیرِ زمین جگہ کو بھی ایک وسیلہ سمجھنا شروع کرنا چاہیے اور اس کے لیے غالباً کچھ ثقافتی تبدیلی درکار ہوگی۔‘

ISPRA میں ان کے بعض ساتھی اطالوی دارالحکومت کے زیرِ زمین مقامات کا نقشہ تیار کر رہے ہیں جبکہ ان کی ٹیم روم کو یہ جانچنے میں مدد دے رہی ہے کہ کون سی جگہوں کو موسمیاتی پناہ گاہوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

ان کی تجویز میں ان جگہوں کی نئی تعریف شامل ہے جنھیں ہم رہائش کے قابل سمجھتے ہیں، بالکل ویسے ہی جیسے درین کویو کے رہائشیوں نے کیا تھا۔ لا وینیا نے اسے زیرِ زمین آبادیوں کی تاریخ میں ایک ’سنگِ میل‘ قرار دیا۔

اب تک کی نقشہ سازی میں پورے شہر کے نیچے موجود 7,000 سے زیادہ زیرِ زمین مقامات درج کیے جا چکے ہیں، جن میں کانیں، آبی سرنگیں شامل ہیں، جو مجموعی طور پر تقریباً 350 مربع کلومیٹر (140 مربع میل) رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔ وہ کہتے ہیں: ’ان خالی جگہوں کی درست نقشہ سازی ضروری ہے اور شہری انتظامیہ کے ماسٹر پلان میں ان نقشوں کا شامل ہونا بھی اہم ہے۔‘

اس نوعیت کا پہلا ماسٹر پلان ہیلسنکی میں متعارف کرایا گیا، جہاں شہری زندگی آج بھی زمین کے نیچے جاری ہے۔ وہاں 124 میل (200 کلومیٹر) پر محیط زیرِ زمین ڈھانچوں میں کھیل کے میدان، فنونِ لطیفہ کی جگہیں، سوئمنگ پول، ایک عجائب گھر اور ایک گرجا گھر موجود ہیں۔

کاپادوکیہ کی طرح ان میں سے زیادہ تر زیرِ زمین مقامات ابتدا میں دوسری عالمی جنگ کے دوران اور اس کے بعد دفاعی مقاصد کے لیے بنائے گئے تھے، جو اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ایک بحران کے لیے تعمیر کیا گیا بنیادی ڈھانچہ اگلے بحران میں بھی استعمال ہو سکتا ہے۔

تاہم بعض اوقات زمین کے نیچے جانے کی خواہش باقاعدہ منصوبہ بندی کے بغیر بھی پیدا ہوتی ہے۔

آسٹریلیا کے اوپل کان کنی کے شہر کوبر پیڈی میں رہائشیوں نے محسوس کیا کہ نرم چٹانوں کو تراش کر زیرِ زمین رہائش اختیار کرنا شدید موسمی حالات سے تحفظ دے سکتا ہے اور ساتھ ہی توانائی کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی لا سکتا ہے۔

خطرات

لا وینیا کہتے ہیں کہ زیرِ زمین جگہوں کو موسمیاتی پناہ گاہوں میں تبدیل کرنے اور عوام کے لیے کھولنے کا ایک باقاعدہ عمل ہوگا۔

زیرِ زمین جگہوں کی کئی اقسام ہیں جن میں زیرِ زمین کانیں اور نسبتاً جدید جنگی بنکر شامل ہیں۔

آخری قسم کے معاملے میں نسبتاً کم کام درکار ہوتا ہے کیونکہ شہروں کو عموماً صرف کنکریٹ کے استحکام اور ہوا کے نظام کی فعالیت کی تصدیق کرنی ہوتی ہے۔

کانوں یا کاپادوکیہ جیسی جگہوں میں موجود زیرِ زمین پناہ گاہوں کے معاملے میں صورتِ حال زیادہ پیچیدہ ہو جاتی ہے کیونکہ وہاں خام چٹانوں کا سامنا ہوتا ہے۔

کاپادوکیہ کے غار اور سرنگیں کسی بھی وسیع زیرِ زمین پناہ گاہ کے دو اہم چیلنج بھی ظاہر کرتی ہیں: منہدم ہونے کا خطرہ اور مناسب وینٹیلیشن کی فراہمی۔

کاپادوکیہ ایجیمش فالٹ زون پر واقع ہے جو اس خطے میں 40 میل (64 کلومیٹر) سے زیادہ پھیلا ہوا ہے۔

اگرچہ اس مخصوص فالٹ زون میں گزشتہ 17,000 برسوں کے دوران کوئی زلزلہ ریکارڈ نہیں ہوا، لیکن ترکیہ زلزلوں کے اعتبار سے حساس ملک ہے اور قدرتی آفات ایک عام تشویش کا باعث ہیں۔

یاماچ کہتے ہیں: ’کاپادوکیہ آتش فشاں سرگرمی اور کٹاؤ کے باعث وجود میں آیا تھا۔ اور اب یہی عوامل آہستہ آہستہ اسے گھِسا بھی رہے ہیں۔‘

وہ خبردار کرتے ہیں کہ منہدم ہونے کا خطرہ حقیقی اور مستقل ہے۔

لا وینیا بھی اس خطرے کی تصدیق کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہی وجہ ہے کہ ماہرین کو ڈھانچے کا جائزہ لے کر اسی صورت میں اسے محفوظ جگہ قرار دینا چاہیے جب عدم استحکام کی کوئی علامت موجود نہ ہو۔

دوسرا مسئلہ وینٹیلیشن کا ہے۔ درین کویو اپنے مؤثر نظامِ ہواداری کے لیے معروف ہے، لیکن جدید ٹیکنالوجی ہوا کی گردش کو مزید بہتر بنا سکتی ہے۔ یہ نظام پنکھوں اور فضائی معیار کی نگرانی کے آلات کے ذریعے باسی ہوا خارج کرکے باہر کی صاف ہوا اندر پہنچا سکتے ہیں۔

ہیلسنکی کی زیرِ زمین پناہ گاہوں میں فضائی معیار اسی طریقے سے برقرار رکھا جاتا ہے اور وہاں کے بنکر اب 6,000 افراد تک کو محفوظ طریقے سے پناہ دے سکتے ہیں، حتیٰ کہ اگر حملے کی صورت میں دروازے بند کرنا پڑ جائیں۔

نقطۂ نظر میں تبدیلی

یاماچ کے مطابق آج کاپادوکیہ کی زیادہ تر خالی غار نما رہائش گاہیں آلو اور لیموں ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔

درحقیقت تراشی گئی ان ساختوں کو کولڈ اسٹوریج کے طور پر کرائے پر دینا علاقے میں آمدنی کا ایک ذریعہ بن چکا ہے۔

مثال کے طور پر 3,000 سے کچھ زیادہ آبادی رکھنے والا قصبہ اورتاحصار تقریباً ایک ہزار غاریں کرائے پر دیتا ہے جن میں 50 لاکھ تک ترش پھلوں کی پیٹیاں ذخیرہ کی جا سکتی ہیں۔

تاہم یاماچ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ بڑھتی ہوئی گرمیوں سے متاثر انسانوں کے لیے یہ غاریں بھی مثالی ثابت ہو سکتی ہیں۔

وہ کہتے ہیں: ’ایسا گھر خریدنے کے بجائے جہاں مجھے ہر کمرے میں ایئر کنڈیشنر چلانا پڑے، میں زیادہ پسند کروں گا کہ آرام دہ ماحول میں کسی چٹان کو تراش کر بنائے گئے گھر میں رہوں۔‘

بعد میں ذہن میں آنے والے خیال سے موسمیاتی بنیادی ڈھانچے تک کا یہ سفر ہی وہ چیز ہے جسے لا وینیا جیسے محققین اب شہری منصوبہ بندی کے فریم ورک میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔

کاپادوکیہ کے قدیم زیرِ زمین شہروں نے صدیوں سے ثابت کیا ہے کہ انجینیئرنگ پہلے ہی موجود ہے۔ کمی صرف اس بات کی ہے کہ ہم نیچے دیکھیں۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US