کیا حجاب یا ہیلمٹ پہننے سے بال جھڑنے لگتے ہیں؟

بال جھڑنے کی وجوہات میں جینیاتی عوامل، ہارمونز کا عدم توازن، غذائی کمی اور ذہنی دباؤ شامل ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق صرف حجاب یا ہیلمٹ پہننے سے بال نہیں جھڑتے، تاہم انھیں بہت سخت باندھنے یا طویل وقت تک پسینے سے بھیگے رہنے سے سر کی جلد متاثر ہو سکتی ہے۔ بالوں کی مناسب دیکھ بھال، متوازن غذا اور بروقت طبی مشورہ اس مسئلے سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
حجاب، بال، گنج پن
Getty Images

کیا ہیلمٹ پہننے سے واقعی بال جھڑتے ہیں؟ کیا حجاب سر تک ہوا نہ پہنچنے کی وجہ سے بالوں کی جڑیں کمزور کر دیتا ہے؟ اور کیا شیمپو بدلنے یا روزانہ تیل لگانے سے بالوں کا جھڑنا روکا جا سکتا ہے؟

بالوں سے متعلق ایسی کئی باتیں عام ہیں، لیکن ان میں حقیقت کتنی ہے اور کون سے تصورات محض غلط فہمیاں ہیں؟

بال جھڑنے کی وجوہات، ان کے علاج اور اس مسئلے سے بچنے کے طریقوں کے بارے میں لوگوں کے درمیان مختلف تصورات پائے جاتے ہیں۔ تاہم یہ سوال بھی موجود ہے کہ بالوں سے متعلق عام طور پر پائی جانے والی ان باتوں میں کتنی حقیقت ہے۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، ’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

آئیے جانتے ہیں ماہرین اس بارے میں کیا کہتے ہیں۔

برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے مطابق روزانہ 50 سے 100 بال جھڑنا معمول کی بات ہے۔

تاہم اگر آپ محسوس کریں کہ معمول سے زیادہ بال جھڑ رہے ہیں تو جلد از جلد کسی ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔

طبی اصطلاح میں معمول سے زیادہ بال جھڑنے اور ان کی جگہ اتنی ہی رفتار سے نئے بال نہ اُگنے کی کیفیت کو ’ایلوپیشیا‘ کہا جاتا ہے۔

این ایچ ایس کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 14 کروڑ سے زیادہ افراد ایلوپیشیا یعنی مکمل یا جزوی گنج پن کا شکار ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بالوں کا جھڑنا انسانی جسم کا ایک قدرتی عمل ہے۔ تاہم بعض اوقات اس کی وجہ کوئی بیماری، ہارمونز میں تبدیلی، غذائی اجزا کی کمی یا ذہنی دباؤ بھی ہو سکتا ہے۔

اسی لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ بالوں کا کتنا جھڑنا معمول کی بات ہے، کب یہ مسئلہ غیر معمولی ہو جاتا ہے اور بالوں سے متعلق عام تصورات میں سے کون سے درست نہیں ہیں۔

Getty Images
Getty Images

بال کیوں جھڑتے ہیں؟

بال جھڑنے کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں اور یہ ہر شخص میں مختلف ہوتی ہیں۔ بعض افراد کے بال موروثی وجوہات کی بنا پر جھڑتے ہیں، کچھ میں اس کی وجہ صفائی کا خیال نہ رکھنا جبکہ بعض لوگوں میں عمر بڑھنے کے ساتھ بال جھڑنے لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ مردوں اور خواتین میں بال جھڑنے کی وجوہات اور انداز بھی مختلف ہو سکتے ہیں۔

مردوں میں گنج پن کی سب سے عام قسم کو طبی زبان میں ’اینڈروجینیٹک ایلوپیشیا‘ یا عام گنج پن کہا جاتا ہے۔ اس میں پیشانی کے دونوں جانب بال کم ہونے لگتے ہیں اور سر کے درمیان والے حصے میں بھی گنج پن نمایاں ہو جاتا ہے۔

خواتین میں عموماً سر کے درمیان مانگ چوڑی ہونے لگتی ہے اور بال پتلے ہو جاتے ہیں۔ اس کی وجہ موروثی عوامل یا ہارمونز کے لیے جسم کی حساسیت ہو سکتی ہے۔ عمر بڑھنے کے ساتھ یہ مسئلہ زیادہ نمایاں ہو سکتا ہے۔

خواتین میں پولی سسٹک اووری سنڈروم (پی سی او ایس)، حمل اور بچے کی پیدائش کے دوران ہارمونز میں تبدیلی بھی بال جھڑنے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ تھائیرائڈ ہارمونز کی مقدار کم یا زیادہ ہونے سے بھی بال جھڑ سکتے ہیں۔

جلد کے امراض کی ماہر اور کاسمیٹک سرجن ڈاکٹر شائلہ حق کے مطابق جینیاتی وجوہات یا ہارمونز میں مختلف اقسام کے عدم توازن کی وجہ سے بھی بال جھڑ سکتے ہیں۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’جسم میں غذائی اجزا کی کمی، خصوصاً آئرن، وٹامن ڈی اور زنک کی کمی کے شکار افراد کے بال جھڑ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شدید ذہنی دباؤ اور پریشانی بھی بال جھڑنے کا سبب بن سکتی ہے۔‘

ڈاکٹر شائلہ حق کے مطابق مردوں اور خواتین میں بال جھڑنے کا انداز ایک جیسا نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا ہے کہ ’خواتین میں زیادہ تر بال جھڑنے کی وجہ ہارمونز کا عدم توازن اور وٹامن ڈی کی کمی ہوتی ہے۔‘

بال بنیادی طور پر ایک پروٹین ’کیراٹین‘ سے بنتے ہیں۔ جسم میں پروٹین، آئرن، زنک، وٹامن ڈی، وٹامن بی 12 اور بایوٹن کی کمی سے بال کمزور ہو سکتے ہیں۔

بنگلہ دیش میں بہت سی خواتین آئرن کی کمی سے ہونے والی خون کی کمی کا شکار ہیں، جو بال جھڑنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ اسی طرح غذا میں کمی کر کے اچانک وزن گھٹانا، طویل وقت تک بھوکا رہنا اور کھانے پینے کی بے قاعدگیوں سے بھی بال زیادہ جھڑ سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ بعض افراد کو ذہنی دباؤ، تیز بخار، ڈینگی، ٹائیفائڈ اور کووڈ جیسی بیماریوں، آپریشن یا بچے کی پیدائش کے دو سے تین ماہ بعد اچانک بال جھڑنے لگتے ہیں۔

سر میں خشکی، سیبورائک ڈرماٹائٹس اور فنگس کے انفیکشن سے سر کی جلد متاثر ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں بال زیادہ جھڑنے لگتے ہیں۔ اسی طرح ایلوپیشیا ایریاٹا نامی خودکار مدافعتی بیماری بھی بال جھڑنے کا سبب بنتی ہے۔

کچھ ادویات، مثلاً کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی کیموتھراپی، بلڈ پریشر، ڈپریشن اور جوڑوں کے درد کی دوائیں بھی بال جھڑنے میں اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔

ڈاکٹر شائلہ حق کے مطابق بعض اوقات بالوں کو سٹائل کرنے کے لیے مختلف طریقوں، مثلاً کیمیائی ٹریٹمنٹ اور ہیئر ری بانڈنگ کا ضرورت سے زیادہ استعمال بھی بال جھڑنے کا باعث بن سکتا ہے۔

Getty Images
Getty Images

کیا حجاب یا ہیلمٹ پہننے سے بال جھڑتے ہیں؟

پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش جیسے گرم اور مرطوب موسم میں طویل وقت تک ہیلمٹ پہننے سے سر پر پسینہ جمع ہو سکتا ہے۔ پسینے، گردوغبار اور چکنائی کے ملنے سے سر کی جلد پر فنگس کا انفیکشن، خشکی یا بالوں کی جڑوں میں سوزش ہو سکتی ہے۔

اگر سر کی جلد پر طویل عرصے تک انفیکشن رہے تو بال زیادہ جھڑ سکتے ہیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ’اس کی وجہ حجاب یا ہیلمٹ پہننا نہیں ہے۔‘

ماہرِ امراضِ جلد ڈاکٹر توحیدہ رحمان ایرن کے مطابق سر کے بالوں کو طویل وقت تک ڈھانپ کر رکھنے سے وہاں نمی اور پسینہ جمع ہو سکتا ہے، جس سے سر کی جلد میں موجود بالوں کی جڑیں متاثر ہوتی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’گرم اور مرطوب موسم میں طویل وقت تک ہیلمٹ، ٹوپی یا حجاب پہننے سے بالوں کی جڑوں میں فنگس یا بیکٹیریا کا انفیکشن ہو سکتا ہے۔‘

اگر حجاب، ٹوپی یا ہیلمٹ کی پٹی اتنی سخت باندھی جائے کہ روزانہ ایک ہی جگہ بالوں پر کھنچاؤ پڑے تو اس سے ایک خاص قسم کے گنج پن کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ طبی اصطلاح میں اسے ’ٹریکشن ایلوپیشیا‘ کہا جاتا ہے۔

تاہم عام طور پر ٹوپی پہننے سے ایسا نہیں ہوتا بلکہ اس کی وجہ بالوں کو بہت سختی سے باندھنا یا بار بار ایک ہی انداز میں کھینچ کر باندھنا ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر شائلہ حق نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اگر ہیلمٹ بہت تنگ ہو تو اس سے بالوں کی جڑوں پر دباؤ پڑ سکتا ہے اور بال جھڑنے لگتے ہیں۔ ہیلمٹ سے بال ٹوٹ بھی سکتے ہیں، جبکہ ضرورت سے زیادہ پسینہ آنے سے سر کی جلد پر جلن یا انفیکشن ہو سکتا ہے۔‘

اس کے علاوہ نہانے کے بعد گیلے بالوں کے ساتھ ہیلمٹ پہننے سے بال ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، کیونکہ گیلے بال خشک بالوں کے مقابلے میں زیادہ نرم اور نازک ہوتے ہیں۔

ڈاکٹرز مشورہ دیتے ہیں کہ ہیلمٹ کے اندر موجود پیڈ کو باقاعدگی سے صاف کیا جائے۔ پسینے سے بھیگا ہوا ہیلمٹ طویل وقت تک نہیں پہننا چاہیے اور بال مکمل طور پر خشک ہونے کے بعد ہی ہیلمٹ پہننا چاہیے۔ اگر سر میں خشکی یا خارش ہو تو ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر ایرن کے مطابق حجاب پہننے والوں کو بھی اسی طرح احتیاط کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگ حجاب سختی سے باندھتے ہیں اور اس کے اوپر کپڑے کی مزید تہیں بھی پہن لیتے ہیں۔ ان کے مطابق حجاب کو قدرے ڈھیلا باندھنا چاہیے تاکہ ہوا کی آمدورفت برقرار رہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ صرف حجاب، ٹوپی یا ہیلمٹ پہننے سے بال نہیں جھڑتے۔ کسی بھی شخص کے بال جسمانی، ذہنی یا بیرونی عوامل کی وجہ سے جھڑ سکتے ہیں۔ اسی لیے ڈاکٹرز بالوں اور سر کی جلد کی مناسب دیکھ بھال کا مشورہ دیتے ہیں۔

ڈاکٹر شائلہ حق نے بی بی سی کو بتایا کہ ’باہر کا موسم، گردوغبار اور مختلف اقسام کی آلودگی بھی بال جھڑنے کا سبب بن سکتی ہیں۔‘ ان کے مطابق بالوں اور سر کی جلد کا خیال رکھنا چاہیے اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

Getty Images
Getty Images

بال جھڑنے سے بچنے کے لیے کیا کرنا چاہیے؟

ماہر ڈاکٹروں کے مطابق بال جھڑنے کا مسئلہ کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کی وجہ معلوم کی جائے، بروقت علاج شروع کیا جائے اور بالوں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے۔

ڈاکٹر شائلہ حق کا مشورہ ہے کہ جن لوگوں میں موروثی طور پر ایلوپیشیا کا مسئلہ ہو، انھیں جلد علاج شروع کر دینا چاہیے۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اگر بال جھڑنے کی وجہ موروثی ہو تو اس کے لیے خوب صورتی سے متعلق طبی علاج کیا جا سکتا ہے، جبکہ ہارمونز یا غذائی اجزا کی کمی کی صورت میں سپلیمنٹس دیے جا سکتے ہیں۔‘

بالوں کو صحت مند رکھنے کے لیے ڈاکٹرز روزمرہ خوراک میں پروٹین، آئرن اور وٹامن سی سے بھرپور غذائیں شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان میں انڈے، مچھلی، گوشت، دالیں، چنے، پالک، سرخ رنگ کی سبزیاں، خشک میوہ جات، کیلے، امرود اور لیموں شامل ہیں۔

ماہرِ امراضِ جلد ڈاکٹر توحیدہ رحمان ایرن کے مطابق آملہ اور امرود سمیت موسم میں دستیاب کھٹے پھل بالوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’پروٹین سے بھرپور غذائیں بھی کھانی چاہییں کیونکہ بال بنیادی طور پر پروٹین سے بنتے ہیں۔ مچھلی میں موجود زنک بھی بالوں کی بہتر نشوونما میں مدد دیتا ہے۔‘

Getty Images
Getty Images

ڈاکٹرز بالوں کی باقاعدگی سے دیکھ بھال پر بھی زور دیتے ہیں۔ روزانہ شیمپو کرنا ضروری نہیں، تاہم جو لوگ روزانہ گردوغبار اور پسینے کی زد میں رہتے ہیں وہ ڈاکٹر کے مشورے سے روزانہ شیمپو استعمال کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈاکٹرز مشورہ دیتے ہیں کہ شیمپو کے بعد کنڈیشنر بالوں کی جڑوں کے بجائے صرف سروں پر لگائیں، گیلے بالوں کو کنگھی سے زور سے نہ کھینچیں اور بال خشک کرنے کے لیے بہت زیادہ گرم ہیئر ڈرائر استعمال نہ کریں۔

ڈاکٹر ایرن کا مشورہ ہے کہ شیمپو کے انتخاب میں ایسے شیمپو کو ترجیح دی جائے جن میں ایلوویرا اور آملہ جیسے پودوں سے حاصل کیے گئے اجزا شامل ہوں۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اگر ممکن ہو تو کنگھی کے لیے لکڑی کی کنگھی استعمال کرنی چاہیے، کیونکہ پلاسٹک کی کنگھی بالوں کی ساخت کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور سر کی جلد پر موجود حفاظتی تہہ کو متاثر کر سکتی ہے۔‘

ماہرین کا کہنا ہے کہ بال جھڑنے کی کئی بیرونی وجوہات کے علاوہ ذہنی دباؤ بھی اس مسئلے کا ایک اہم سبب ہے۔

ڈاکٹر ایرن کے مطابق ذہنی دباؤ جتنا کم ہوگا، بالوں پر اس کے اثرات بھی اتنے ہی کم ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’حجاب یا ہیلمٹ پہننے جیسے بیرونی عوامل سے پیدا ہونے والے دباؤ کے برعکس ذہنی دباؤ ایک ایسی چیز ہے جسے ہم اپنے قابو میں رکھ سکتے ہیں۔‘

بالوں کے علاج سے متعلق عام غلط فہمیاں

Getty Images
Getty Images

بال جھڑنے کی وجوہات اور ان کے علاج کے بارے میں لوگوں میں کئی طرح کے تصورات پائے جاتے ہیں۔ بہت سے افراد ڈاکٹر سے رجوع کرنے کے بجائے مختلف ٹوٹکے آزمانے میں اپنا وقت اور پیسہ ضائع کرتے ہیں۔

شیمپو تبدیل کرنے سے بال جھڑنا بند ہو جائیں گے

بہت سے لوگوں کا یہ خیال ہے، لیکن شیمپو کا کام بالوں کو صاف کرنا ہے، انھیں اُگانا نہیں۔ اچھا شیمپو سر کی جلد کو صاف رکھنے اور بال ٹوٹنے سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے، لیکن جسم میں ہارمونز یا غذائی اجزا کی کمی جیسے اندرونی مسائل کا علاج نہیں کر سکتا۔

روزانہ بالوں میں تیل نہ لگانے سے وہ جھڑنے لگتے ہیں

تیل بالوں کو نرم رکھنے اور سر کی جلد کی خشکی کم کرنے میں مدد دیتا ہے، لیکن یہ بالوں کی جڑوں کو غذا فراہم نہیں کرتا۔ بلکہ سر کی جلد پر ضرورت سے زیادہ تیل لگانے سے خشکی اور فنگس کے انفیکشن میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

پیاز، ادرک اور لہسن کا رس گنج پن کا علاج ہے

ان چیزوں کو گنج پن کے علاج کے طور پر استعمال کرنے کے حق میں سائنسی شواہد موجود نہیں۔ اس کے برعکس بعض افراد میں ان کے استعمال سے سر کی جلد پر جلن اور الرجی ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر شائلہ حق نے بی بی سی بنگلہ کو بتایا کہ یہ دراصل غلط فہمیاں ہیں۔ ان کے مطابق ایسے شیمپو استعمال کرنے کے بجائے جن میں ضرورت سے زیادہ کیمیکل ہوں، سلفیٹ سے پاک یا ہلکے شیمپو سر کی جلد کے لیے بہتر ہیں۔ بالوں میں نمی برقرار رکھنے کے لیے تیل لگانے کا مشورہ بھی دیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ بال جھڑنے کا مطلب کینسر یا کوئی سنگین بیماری ہے، یا ایک بار گنج پن ہو جائے تو دوبارہ بال نہیں اُگ سکتے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر صورتوں میں بال جھڑنے کی وجوہات معمولی ہوتی ہیں۔ تاہم اگر اچانک بڑی تعداد میں بال گچھوں کی صورت میں جھڑنے لگیں یا سر کی جلد پر زخم یا خارش محسوس ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US