وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی امور، عوامی فلاح و بہبود اور خطے میں جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے لیے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کے لیے ماضی میں وفاقی حکومت کے کردار کا بھی ذکر کیا گیا۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پنجاب حکومت کے فعال کردار پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے کشمیری عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر پوری توانائی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزراء احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، رکن آزاد جموں و کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔