وزیر دفاع خواجہ آصف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ان کے اپنے ہاتھ صاف ہیں اور کیا وہ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم کو ری سیٹ کرنے کی بات کی جا رہی ہے، لیکن کوئی بھی نظام عوامی تائید کے بغیر ری سیٹ نہیں ہوسکتا۔ ان کے مطابق اگر نظام کی ناکامی کی بات ہو رہی ہے تو اس سے منسلک ہونے کے ناطے ہم سب کو اپنی ذمہ داریوں کا بھی جائزہ لینا ہوگا، کیونکہ ملک میں سیاستدانوں کا احتساب کوئی نئی بات نہیں اور نہ ہی کوئی اس سے مبرا ہے۔
وزیر دفاع نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس کو حکومت اور نظام پر تنقید قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں کو عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو "چور دروازہ" نہیں کہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی استصوابِ رائے کے ساتھ پارلیمان کے اندر بحث مباحثے پر کوئی پابندی نہیں ہے اور سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر پارلیمان میں ضرور بات ہوگی، تاہم عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا اور پارلیمان کے ساتھ عوامی رائے جاننا ہی اصل آئینی جواز کی معراج ہے۔
خواجہ آصف نے گزشتہ 18 برس سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ سندھ جنت بن گیا ہے اور کراچی شہر کی حالت پر دنیا رشک کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی 2022 سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کاروبارِ حکومت میں شریک ہے، تو کیا سارا نفع ان کا اور نقصان مسلم لیگ (ن) یا پاکستان کا ہے؟
اپنے بیان کے اختتام پر وزیر دفاع نے زور دیا کہ حکمرانی میں عوام کی شراکت کو حقیقت بنایا جائے کیونکہ حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ہے، کسی کی میراث یا اجارہ داری نہیں، اور عوام کے حقوق کو صرف آئین کی کتاب تک محدود نہ رکھا جائے۔