پاکستان اور سنگاپور کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سنگاپور کے نائب وزیراعظم اور وزیر برائے توانائی، تجارت و صنعت گن کم یونگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور اعلیٰ سطحی روابط میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے سنگاپور کو 2027 میں آسیان کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی صدارت سنبھالنے کے تناظر میں دونوں ممالک باہمی تعاون کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے فنانس، مصنوعی ذہانت، فن ٹیک، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے درمیان براہِ راست روابط کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں پاکستانی غذائی اور زرعی مصنوعات کے لیے سنگاپور کی منڈی تک رسائی بہتر بنانے اور باہمی تجارت کے حجم میں اضافے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔

ملاقات میں سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق بھی موجود تھیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول 2026 میں شرکت کے لیے سنگاپور کے دورے پر ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US