خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور جھڑپوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں خوارج کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 15 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جبکہ بنوں میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے۔ ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک خارجی ہلاک ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار کے ساتھ جاری رہیں گی۔