الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے التوا سے متعلق اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے، جس سے قبل 21 اکتوبر کو اس معاملے پر مختصر حکم نامہ سنایا گیا تھا۔ جاری کردہ تفصیلی فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ آئین کے تحت مقامی حکومتوں کا قیام ناگزیر ہے اور انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی انتظامی یا قانونی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
کمیشن کے مطابق اسلام آباد مقامی حکومت آرڈیننس 2026 رواں سال 6 ستمبر کو اپنی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد غیر موثر ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں اس آرڈیننس کے تحت اٹھائے گئے تمام اقدامات اور مجوزہ ترامیم بھی کالعدم ہو گئی ہیں۔ اس قانونی تبدیلی کے بعد اب اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 خودکار طریقے سے بحال ہو گیا ہے اور دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اور شیڈول کا اجرا اسی بحال شدہ قانون کے تحت کیا جانا لازم ہے۔
تفصیلی فیصلے میں ماضی کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مردم شماری کے نتائج کی روشنی میں 12 مارچ 2025 کو 125 یونین کونسلز پر مشتمل حتمی حلقہ بندیاں شائع کر دی تھیں۔ کمیشن اس سے قبل دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے چھ مرتبہ حلقہ بندیاں مکمل کر چکا ہے جبکہ چار بار انتخابی شیڈول کا اعلان بھی کیا گیا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ کمیشن نے متعدد خطوط کے ذریعے وزارت داخلہ کو متعلقہ آرڈیننس پر بروقت قانون سازی مکمل کرنے کی تاکید کی تھی، جس پر وزارت کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ مسودہ قانون قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ کمیشن نے قرار دیا کہ حکومتی سطح پر بار بار کی قانون سازی اور مجوزہ ترامیم ہی انتخابات میں تاخیر کا بنیادی سبب بنیں، تاہم قانونی تبدیلیوں کو انتخابی عمل معطل کرنے یا اسے غیر معینہ مدت تک التوا میں ڈالنے کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔