سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے وفاقی وزراء کو اپنے کام کے سوا دنیا کا ہر کام کرنا ہے، وہ جو اس وقت کر رہے ہیں وہ ان کا کام نہیں ہے، اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ اپنا اصل کام کریں۔
سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تھر کول سے 3500 میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا ہو رہی ہے جو نیشنل گرڈ میں شامل کی جا رہی ہے، تاہم اس کے باوجود ملک میں بجلی اور گیس دونوں کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ اب شہری علاقوں میں بھی گیس دستیاب نہیں ہے، حتیٰ کہ شہروں کے پوش علاقوں کے مکین بھی سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وفاقی وزراء سے کہیں کہ وہ اس مسئلے کو وفاقی کابینہ میں اٹھائیں۔