گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) جمیل احمد نے معاشی استحکام کی بحالی کے لیے پاکستان کی پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ان ثمرات کو برقرار رکھنے کے لیے معاشی لچک کو مضبوط بنانا، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کرنا اور برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
وہ کراچی میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی سالانہ گلوبل ریسرچ بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے سی ای او عادل صلاح الدین، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے گلوبل جیو پولیٹیکل اسٹریٹجسٹ اور سینئر اکانومسٹ فلپ ڈوبا پینٹانیس سمیت کارپوریٹ اور مالیاتی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
عالمی معاشی جھٹکوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کا ذکر کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ابھرتی ہوئی معیشتیں بیرونی عوامل، بشمول اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، جغرافیائی سیاسی تناؤ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے جڑے خلل کے باعث خاص طور پر غیر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط مالیاتی اور بیرونی بفرز، قابلِ اعتماد پالیسی فریم ورک اور مستحکم اداروں کے حامل ممالک ایسے جھٹکوں کو برداشت کرنے اور اپنی معیشتوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہوتے ہیں۔
پاکستان کے حالیہ معاشی چیلنجز اور مالی سال 2022 اور 2023 کے دوران کی جانے والی ایڈجسٹمنٹس کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حکومت اور اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے اخراج کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی، مالیاتی استحکام اور عارضی انتظامی اقدامات سمیت مشکل مگر ضروری پالیسی فیصلے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ محتاط میکرو اکنامک انتظام اور کثیر الجہتی و دو طرفہ ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے کیے گئے ان اقدامات نے معیشت میں استحکام بحال کرنے اور اعتماد کی فضا دوبارہ قائم کرنے میں مدد دی۔
گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی لچک محض مالیاتی اور بیرونی بفرز جمع کرنے تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے مستقل اور قابلِ اعتماد پالیسیوں، لچکدار منڈیوں اور ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کرنے والے مضبوط اداروں کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے میکرو اکنامک اشاریوں نے روس یوکرین بحران کے مقابلے میں مشرقِ وسطیٰ کے جاری تنازع سمیت حالیہ بیرونی جھٹکوں سے نمٹنے کی ملکی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔
حالیہ معاشی پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے اہم میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026 کے دوران مہنگائی اوسطاً ہدف کے قریب رہی اور حالیہ اضافے کے باوجود اس میں بتدریج کمی آ کر درمیانی مدت کے ہدف تک آنے کی توقع ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے ایک فیصد کے درمیان رہنے کی امید ہے، جبکہ زرمبادلہ اور مالیاتی بفرز مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی سرگرمیاں بھی بحال ہو رہی ہیں اور مالی سال 2026 میں حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.7 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جس میں رواں مالی سال کے دوران مزید بہتری متوقع ہے۔ ان کے بقول عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیاں، کثیر الجہتی شراکت دار اور غیر ملکی سرمایہ کار بھی ان مثبت پیش رفتوں کا اعتراف کر رہے ہیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر گورنر نے مسلسل پیدا ہونے والے سپلائی شاکس کے خلاف معیشت کی مزاحمت کو مضبوط بنانے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت اور اسٹیٹ بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔ پائیدار معاشی ترقی کے حصول میں نجی شعبے کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے گورنر نے کاروباری برادری اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ ملک کے معاشی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بار بار آنے والے معاشی اتار چڑھاؤ کے چکر کو توڑنے کے لیے برآمدات میں اضافہ، ملکی بچتوں اور سرمایہ کاری کا فروغ، اور مالیاتی منڈیوں کی مزید وسعت ضروری ہے۔