جوڑوں کے درد سے پیٹ کی ضدی چربی تک: جنوبی ایشیائی خواتین میں پیری مینوپاز کی وہ علامات جنھیں اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے

توجہ مرکوز کرنے میں دشواری، گفتگو کے دوران الفاظ بھول جانا یا چیزیں یاد رکھنے میں مشکل پیش آنا پیری مینوپاز کی عام ذہنی علامات میں شامل ہیں۔ تاہم جنوبی ایشیائی خواتین میں ان علامات کو اکثر ذہنی دباؤ، مصروف طرز زندگی یا بڑھتی عمر کا حصہ سمجھ کر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔
پیری مینوپاز
BBC
ہم عموماً سمجھتے ہیں کہ مینوپاز اور پیری مینوپاز کی ایک مخصوص عمر ہوتی ہے، مگر جنوبی ایشیائی خواتین میں صورتحال کچھ مختلف ہو سکتی ہے

بہت سے لوگوں کی طرح مجھے بھی ڈاکٹر کے پاس جانا زہر لگتا ہے اور خدا کا شکر ہے کہ اب تک میری زندگی کا بیشتر حصہ صحت کے حوالے سے کسی بڑی پریشانی کے بغیر گزرا ہے لیکن چند برس پہلے، جب میری عمر 40 برس کے قریب پہنچی، تو اچانک سب کچھ بدلنے لگا۔

ہر دوسرے مہینے ایک نئی علامت، ایک نئی شکایت کے ساتھ میں ڈاکٹر کے پاس موجود ہوتی۔ کبھی دل کی دھڑکن اچانک تیز ہو جاتی، کبھی پورے جسم اور خاص طور پر جوڑوں میں درد شروع ہو جاتا، کبھی ہاضمے کے مسائل پریشان کرتے، کبھی پاؤں سن ہو جاتے اور کبھی بات کرتے کرتے کوئی عام سا لفظ بھی یاد نہ آتا۔

ڈاکٹروں نے دل، دماغ اور خون سمیت تقریباً ہر ممکن ٹیسٹ کروایا۔ نتائج بالکل نارمل تھے، مگر علامات تھیں کہ بڑھتی جا رہی تھیں۔ نہ ڈاکٹر کو سمجھ آ رہی تھی اور نہ مجھے۔

آخرکار میں نے خود ہی تحقیق شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ اگلے چند ہفتوں تک گوگل میرا مستقل ساتھی بنا رہا، اور اسی دوران پہلی بار میری توجہ ایک اصطلاح کی جانب گئی: پیری مینوپاز۔

جوں جوں میں پڑھتی گئی، ایک حیران کن بات سامنے آتی گئی۔ میری تقریباً ہر علامت پیری مینوپاز کی تسلیم شدہ علامات میں شامل تھی۔

مینوپاز سے تو میں واقف تھی۔ یعنی عورت کی زندگی کا وہ مرحلہ جب مسلسل ایک سال تک ماہواری نہ آئے اور طبّی طور پر اسے مینوپاز قرار دیا جائے۔ میری معلومات کے مطابق یہ مرحلہ عموماً 50 سے 55 سال کی عمر کے درمیان آتا ہے۔

لیکن پیری مینوپاز میرے لیے نسبتاً نئی اصطلاح تھی۔ یہ دراصل مینوپاز سے پہلے کا دور ہوتا ہے جو چار سے دس سال تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران ماہواری تو جاری رہتی ہے، مگر جسم میں ہارمونز کے اتار چڑھاؤ کے باعث بڑی جسمانی اور ذہنی تبدیلیاں رونما ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔

گوگل سے کافی بات چیت کے بعد مجھے محسوس ہوا کہ اب کسی ایسے ماہر سے بات کرنی چاہیے جو مینوپاز اور پیری مینوپاز پر خصوصی مہارت رکھتا ہو۔

اسی سلسلے میں میری گفتگو برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) سے وابستہ ڈاکٹر نگہت عارف سے ہوئی، جن کا شعبۂ تخصص یہی ہے اور ان سے بات کرتے ہوئے مجھے ایک اور دلچسپ بات معلوم ہوئی۔

ہم عموماً سمجھتے ہیں کہ مینوپاز اور پیری مینوپاز کی ایک مخصوص عمر ہوتی ہے، مگر جنوبی ایشیائی خواتین میں صورتحال کچھ مختلف ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر نگہت عارف کے مطابق جنوبی ایشیائی خواتین میں پیری مینوپاز سفید فام خواتین کے مقابلے میں آٹھ سے دس برس پہلے شروع ہو سکتا ہے۔

ان کے مطابق جنوبی ایشیائی خواتین میں پیری مینوپاز 38 برس کے آس پاس جبکہ مینوپاز 45 برس کے قریب شروع ہو سکتا ہے۔

صرف یہی نہیں، پیری مینوپاز جنوبی ایشیائی خواتین میں بعض ایسی علامات کے ساتھ بھی آ سکتا ہے جو نسبتاً کم مشہور ہیں یا جنھیں اکثر کسی اور مسئلے سے جوڑ دیا جاتا ہے۔

میں نے ڈاکٹر نگہت عارف سے ان چند علامات کے بارے میں تفصیل سے بات کی جو گذشتہ چند برسوں سے مجھے سب سے زیادہ پریشان کر رہی تھیں۔

1۔ جسم میں درد اور جوڑوں میں شدید تکلیف

پورے جسم اور خصوصاً جوڑوں میں درد جنوبی ایشیائی خواتین میں پیری مینوپاز کی ان عام علامات میں شامل ہے جنھیں اکثر پہچانا ہی نہیں جاتا۔ بہت سی خواتین اور بعض اوقات ڈاکٹر بھی اسے عمر بڑھنے، ذہنی دباؤ یا وٹامنز کی کمی کا نتیجہ سمجھ لیتے ہیں۔

ڈاکٹر نگہت عارف کے مطابق ان کے پاس آنے والی جنوبی ایشیائی خواتین میں پیری مینوپاز کی سب سے نمایاں علامات میں جوڑوں کا درد سرفہرست ہے۔

وہ بتاتی ہیں کہ ’ایسٹروجن ہمارے جسم میں ایک طرح کے لبریکیٹنگ یا روغنی ہارمون کا کردار ادا کرتا ہے۔ یہ مدافعتی نظام کو متوازن رکھنے، پرانی خلیات کی جگہ نئی خلیات بنانے اور جسم کے مختلف حصوں کی مرمت میں مدد دیتا ہے۔‘

ان کے مطابق جب پیری مینوپاز کے دوران ایسٹروجن کی سطح کم ہونا شروع ہوتی ہے تو جسم کا مدافعتی نظام مختلف انداز میں ردعمل دے سکتا ہے۔

’جوڑوں میں خلیات کی تبدیلی کا عمل سست ہو جاتا ہے اور بعض اوقات مدافعتی نظام ضرورت سے زیادہ متحرک ہو جاتا ہے۔ نتیجتاً ہلکی سوجن پیدا ہو سکتی ہے جو درد کا سبب بنتی ہے۔ یہ درد صرف جوڑوں تک محدود نہیں رہتا بلکہ پٹھوں میں بھی محسوس ہو سکتا ہے۔‘

خواتین
BBC
’جب پٹھے مضبوط ہوتے ہیں تو وہ جوڑوں اور ہڈیوں کو بہتر سہارا دیتے ہیں‘

اس درد سے نمٹنے کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے؟

ڈاکٹر عارف کے مطابق پہلا قدم باقاعدہ ورزش ہے، خاص طور پر ریزسٹنس ٹریننگ یا وزن اٹھانے والی ورزش۔

’جب پٹھے مضبوط ہوتے ہیں تو وہ جوڑوں اور ہڈیوں کو بہتر سہارا دیتے ہیں۔‘

اس کے ساتھ وہ متوازن غذا پر بھی زور دیتی ہیں۔

ان کے مطابق، وٹامن ڈی، کیلشیم، اومیگا تھری، ہڈیوں، جوڑوں اور پٹھوں کی صحت کے لیے اہم ہیں۔

اگر اس کے باوجود درد برقرار رہے تو پیراسٹامول یا آئیبوپروفین جیسی ادویات استعمال کی جا سکتی ہیں، جبکہ شدید علامات کی صورت میں ہارمون ریپلیسمنٹ تھراپی (ایچ آر ٹی) کے بارے میں ڈاکٹر سے مشورہ کیا جا سکتا ہے۔

2۔ برین فاگ یا کچھ یاد نہ رہنا

فوکس کرنے میں دشواری، گفتگو کے دوران الفاظ بھول جانا یا چیزیں یاد رکھنے میں مشکل پیش آنا پیری مینوپاز کی عام ذہنی علامات میں شامل ہیں۔

تاہم جنوبی ایشیائی خواتین میں ان علامات کو اکثر ذہنی دباؤ، مصروف طرز زندگی یا بڑھتی عمر کا حصہ سمجھ کر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر عارف کہتی ہیں کہ ’عورت کا دماغ ایک تیز رفتار فیراری کی طرح ہے۔ یہ انتہائی نفاست سے کام کرتا ہے، مگر اس کی کارکردگی ہارمونز پر بہت زیادہ منحصر ہوتی ہے۔‘

ان کے مطابق ایسٹروجن کی کمی دماغ میں ان اعصابی رابطوں کی تشکیل کو متاثر کرتی ہے جو یادداشت اور توجہ برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

’اسی وجہ سے بعض خواتین کو محسوس ہوتا ہے کہ ان کا دماغ اچانک سست پڑ گیا ہے یا وہ معمول کی باتیں بھی بھولنے لگی ہیں۔‘

مائیسوفونیا
BBC

اس کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے؟

ڈاکٹر عارف کے مطابق کاگنیٹو بیہیویئرل تھراپی (سی بی ٹی) خاصی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

ان کے بقول، ’برطانیہ کی یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) میں ہونے والی تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ درست طریقے سے کی گئی سی بی ٹی برین فاگ اور مزاج سے متعلق علامات میں 60 سے 70 فیصد تک بہتری لا سکتی ہے۔‘

اس کے ساتھ متوازن غذا، مناسب نیند اور ضرورت پڑنے پر ہارمون ریپلیسمنٹ تھراپی بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

3۔ مائیسوفونیا

یہ نسبتاً کم معروف مگر حیران کن علامت ہے۔

اس میں بعض مخصوص آوازیں، جیسے کسی کا چبانا، سانس لینا یا بار بار کوئی آواز پیدا کرنا، شدید ذہنی یا جذباتی ردعمل کا باعث بن سکتی ہیں۔

ڈاکٹر عارف کے مطابق ایک عرصے تک اسے صرف نفسیاتی مسئلہ سمجھا جاتا رہا۔

وہ کہتی ہیں، ’حقیقت یہ ہے کہ مائیسوفونیا صرف پیری مینوپاز ہی نہیں بلکہ ماہواری کے مخصوص مراحل میں بھی شدت اختیار کر سکتا ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ ایسٹروجن کی سطح میں کمی ہوتی ہے۔‘

ان کے مطابق دماغ کا ایک حصہ، امیگڈالا، خطرات کو پہچاننے اور ان کے لیے ذہنی طور پر تیار رہنے میں کردار ادا کرتا ہے۔ ’جب ہارمونز میں تبدیلی آتی ہے تو یہی حصہ بعض آوازوں کے لیے غیرمعمولی حساس ہو سکتا ہے، جس کے باعث معمول کی آوازیں بھی ناقابلِ برداشت محسوس ہونے لگتی ہیں۔‘

ڈاکٹر عارف کا کہنا ہے کہ اے ڈی ایچ ڈی یا آٹزم جیسی نیوروڈائیورس کیفیت رکھنے والی خواتین میں یہ مسئلہ زیادہ نمایاں ہو سکتا ہے، اور جنوبی ایشیائی خواتین میں ان کیفیات کی تشخیص اکثر نہیں ہو پاتی۔

کیا مائیسوفونیا کا علاج ممکن ہے؟

ان کے مطابق سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ’یہ آپ کی غلطی نہیں۔ یہ جسم میں ہونے والی حقیقی ہارمونل تبدیلیوں کی ایک علامت ہے۔ اس کے لیے سی بی ٹی، ہارمون ریپلیسمنٹ تھراپی اور اگر ضرورت ہو تو اے ڈی ایچ ڈی سے متعلق علاج مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

4۔ ’ایسٹروجن بیلی‘

پیری مینوپاز کے دوران وزن بڑھنا، خصوصاً پیٹ کے گرد چربی جمع ہونا، بہت سی خواتین کے لیے تشویش کا باعث بنتا ہے۔ ڈاکٹر نگہت عارف کے مطابق سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ پیٹ کے گرد چربی اور ویسرل فیٹ ایک ہی چیز نہیں۔

ویسرل فیٹ جسم کے اندرونی حصوں، مثلاً جگر، دل اور دیگر اعضا کے گرد جمع ہوتی ہے اور یہ صحت کے لیے زیادہ خطرناک سمجھی جاتی ہے۔

ڈاکٹر عارف کہتی ہیں، ’اوپری پیٹ کی چربی جسم میں ہارمونز بنانے اور مدافعتی نظام کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔‘

ان کے مطابق خواتین کے جسم میں چربی کی تقسیم مردوں سے مختلف ہوتی ہے اور اس پر عمر اور ہارمونز دونوں اثر انداز ہوتے ہیں۔ اسی لیے پیری مینوپاز کے دوران جسم میں چربی کی تقسیم کا انداز بھی بدل سکتا ہے۔

تاہم ڈاکٹر عارف کو انٹرنیٹ پر مقبول اصطلاح ’ایسٹروجن بیلی‘ یا ’مینو بیلی‘ پسند نہیں۔

وہ کہتی ہیں، ’اس اصطلاح سے ایسا لگتا ہے جیسے عورت اس تبدیلی کی خود ذمہ دار ہو، حالانکہ ایسا نہیں ہے۔‘

ان کے مطابق سائنسی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ ایسٹروجن کی سطح کم ہونے پر چربی کے خلیات کا سائز بڑھ سکتا ہے اور یہ ایک فطری حیاتیاتی عمل ہے۔

’صحت مند غذا کھائیں، ورزش کریں، لیکن یہ بھی یاد رکھیں کہ خواتین کا جسم مردوں سے مختلف ہوتا ہے۔ میں تو اپنی ایسٹروجن بیلی سے بہت محبت کرتی ہوں۔‘

کوئی بھی نئی دوا، سپلیمنٹ یا علاج شروع کرنے سے پہلے اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔

اس موضوع پر ہماری ویڈیو سیریز آپ ہمارے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US