چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے بلوچستان کے شہر تربت کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تربت پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان کے عوام کے لیے جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوجی جوانوں سے ملاقات کے دوران مشکل آپریشنل حالات میں ان کی اعلیٰ سطح کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صوبے میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کےلیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تربت آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔