سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں سولر پینلز کی درآمد کی آڑ میں 60 ارب روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ایک بلڈوزر ڈرائیور کے بینک اکاؤنٹ سے 12 ارب روپے کی مشکوک رقم کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
چیئرمین نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی مشتاق سکھیرا نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیش اکانومی منی لانڈرنگ کا بڑا ذریعہ بن چکی ہے اور مختلف مالیاتی ذرائع کو غیر قانونی رقوم کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
مشتاق سکھیرا کے مطابق سولر پینلز کی درآمد کی آڑ میں 60 ارب روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ سامنے آئی ہے، جبکہ ایک بلڈوزر ڈرائیور کے بینک اکاؤنٹ سے 12 ارب روپے کی مشکوک رقم بھی پکڑی گئی۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ کوہستان اسکینڈل میں بھی مقامی بینکوں کے ذریعے رقوم کی منتقلی ہوئی۔ چیئرمین نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے بعض معاملات میں بینک سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ اور مالیاتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے حکومت کو پالیسی پیپر بھی بھجوا دیا گیا ہے۔
کمیٹی نے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ اور آن لائن فراڈ کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی طلب کرلیا۔
قائمہ کمیٹی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ایک شخص کے نام پر رجسٹرڈ موبائل فونز اور سمز کی تعداد محدود کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ مالیاتی جرائم اور آن لائن فراڈ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔