وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ریفرنڈم آئین میں موجود ایک آئینی اور سیاسی آپشن ہے، جس کا مقصد کسی اہم معاملے پر براہِ راست عوام کی رائے حاصل کرنا ہے۔ کسی متنازع معاملے پر عوام سے پوچھا جا سکتا ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔
ایک بیان میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات کے بعد مثبت پیش رفت کی امید ہے، توقع ہے کہ ملک کے مفاد میں بہتر فیصلہ سامنے آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی رہنما کے بیان سے آئین میں موجود ریفرنڈم کا آپشن غیر آئینی نہیں ہو جاتا۔ پاکستان کے عوام ملک کے مستقبل کے حوالے سے غلط فیصلہ نہیں کریں گے، جبکہ عوامی رائے سامنے آنے کے بعد اس پر عمل درآمد کا طریقہ کار طے کیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں قبل از وقت انتخابات کرانے کی کوئی وجہ نہیں، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔
طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ عام انتخابات اور ریفرنڈم دو الگ معاملات ہیں، انتخابات ریفرنڈم کا متبادل نہیں ہو سکتے کیونکہ دونوں کے مقاصد مختلف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ انتخابی عمل کو مزید بہتر اور قابل اعتماد بنایا جا سکے۔