’بچوں کے لیے کتاب، ہمارے لیے بھگتی‘: سندھ کے سرکاری سکولوں میں پہلی بار ہندو طلبہ کے لیے مذہبی تعلیم کا آغاز

سناتن دھرم کی ان کتابوں میں رامائن، بھگوت گیتا، ہندو دیوی دیوتاؤں، مذہبی تہواروں اور رسومات کا تعارف شامل ہے۔کراچی میں قائم ہندو فلاحی تنظیم پریم ساگر سنستھا نے ہندو مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مل کر یہ کتابیں تیار کیں۔ سندھ حکومت کی اجازت سے ان کی اشاعت کے بعد مخیر ہندو افراد نے انھیں عمرکوٹ اور تھرپارکر کے سکولوں میں تقسیم کیا۔
Hindu dharam book
BBC

پاکستان کے صوبے سندھ میں حکومت نے سرکاری سکولوں میں ہندو طلبہ کے لیے مذہبی تعلیم کا آغاز کیا ہے۔

پہلے مرحلے میں عمرکوٹ اور تھرپارکر کے سکولوں میں تیسری سے پانچویں جماعت تک سناتن دھرم یا ہندو مذہب کی کتابیں متعارف کرائی گئی ہیں، تاکہ بچے اپنے مذہب کی بنیادی تعلیمات اور روایات پڑھ سکیں۔

تقسیمِ ہند کے بعد 79 برسوں میں یہ پہلی بار ہے کہ سندھ کے سرکاری سکولوں میں ہندو طلبہ کو نصابی کتابوں کے ذریعے اپنے مذہب کی تعلیم دی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے یہ طلبہ اسلامیات یا اخلاقیات پڑھتے تھے، جس میں تمام مذاہب کے بنیادی عقائد اور تاریخ شامل ہوتی تھی۔

سناتن دھرم کی ان کتابوں میں رامائن، بھگوت گیتا، ہندو دیوی دیوتاؤں، مذہبی تہواروں اور رسومات کا تعارف شامل ہے۔

ان میں پاکستان کے ہندو مندروں اور مقدس مقامات کے علاوہ اہم مذہبی اور سماجی شخصیات کا بھی ذکر ہے۔

کراچی میں قائم ہندو فلاحی تنظیم پریم ساگر سنستھا نے ہندو مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مل کر یہ کتابیں تیار کیں۔ سندھ حکومت کی اجازت سے ان کی اشاعت کے بعد مخیر ہندو افراد نے انھیں عمرکوٹ اور تھرپارکر کے سکولوں میں تقسیم کیا۔

students
BBC

وزیرِ تعلیم سندھ سردارعلی شاہ نے بی بی سی کو انٹرویو میں بتایا کہ آئندہ تعلیمی سال کے آغاز، یعنی اپریل سے، یہ کتابیں پورے صوبے کے قومی نصاب میں ہندو طلبہ کو پڑھائی جائیں گی، جبکہ مسلمان طلبہ پہلے کی طرح اسلامیات کا مضمون پڑھیں گے۔

ان کے مطابق چھٹی سے دسویں جماعت تک کے ہندو طلبہ کے لیے بھی کتابیں تیار کی جا رہی ہیں۔

وزارتِ تعلیم سندھ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے 34 ہزار 268 پرائمری سکولوں میں تیسری سے پانچویں جماعت تک ہندو طلبہ کی تعداد دو لاکھ 72 ہزار 249 ہے۔ اس تعداد میں ایلیمنٹری سکولوں کے پرائمری سیکشنز میں زیرِ تعلیم ہندو طلبہ شامل نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 2023 کی ڈیجیٹل مردم شماری کے مطابق ملک میں ہندوؤں کی مجموعی آبادی تقریباً 52 لاکھ 20 ہزار ہے، جن میں سے لگ بھگ 49 لاکھ سندھ میں آباد ہیں۔

نصاب میں سناتن دھرم، تبدیلی کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

Hindu books
BBC

عمرکوٹ کی جوگی کالونی کے سرکاری پرائمری سکول کے ہیڈ ماسٹر غلام مصطفیٰ اس سکول کے واحد مسلمان ہیں، جہاں زیرِ تعلیم تمام طلبہ اور اساتذہ ہندو ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ بیشتر بچوں کو اپنی مذہبی کتاب بھگوت گیتا پڑھنا نہیں آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مسلمان بچوں کو گھر، مدارس اور مساجد میں بنیادی دینی تعلیم مل جاتی ہے، لیکن ہندو بچوں کے لیے ایسی سہولت موجود نہیں تھی۔ اگر والدین خود تعلیم یافتہ نہ ہوں تو وہ بھی بچوں کی مذہبی تربیت نہیں کر پاتے۔‘

عمرکوٹ جیسے اضلاع میں، جہاں ہندو طلبہ کے ساتھ اساتذہ کی بھی بڑی تعداد ہندو ہے، بعض اساتذہ کے مطابق مذہب کے معاملے میں حساسیت کے باعث یہ مضمون پڑھاتے ہوئے انھیں احتیاط برتنا پڑتی تھی۔

ایک ایلیمنٹری سکول کی ٹیچر چندر کانتا نے بتایا کہ ’اخلاقیات کی کتاب میں کئی مذاہب کے بارے میں معلومات تھیں۔ ہم ان کی تفصیل میں جانے سے کتراتے تھے کہ کہیں بچوں کو کوئی ایسی بات نہ بتا دیں جس کا آگے چل کر منفی اثر پڑے۔‘

جوگی کالونی سکول کے استاد جگمال نےبھی چندر کانتا سے ملتے جلتے خیالات کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا کہ ’نئی کتابوں میں صرف سناتن دھرم کی تعلیمات شامل ہیں، جس سے بچوں کے لیے انھیں سمجھنا اور یاد رکھنا آسان ہوگا۔‘

پاکستان میں نصاب میں مذہبی نمائندگی اور اقلیتی بچوں کے حقوق کا معاملہ طویل عرصے سے زیرِ بحث رہا ہے۔

سول سوسائٹی کی کوششوں اور بین الاقوامی دباؤ کے بعد نصاب میں تبدیلی کے مطالبات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ اقلیتی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں نصاب میں مذہبی تفریق اور اقلیتوں کی مناسب نمائندگی نہ ہونے کے اثرات معاشرتی رویوں پر بھی پڑے اور عدم برداشت بڑھی۔

SCHOOL gIRL
BBC

سماجی کارکن ڈاکٹر تیرتھ داس مالہی کا ماننا ہے کہ 1980 کی دہائی میں ریاستی پالیسیوں کی وجہ سے اقلیتوں کی نمائندگی متاثر ہوئی اور لوگوں کے رویوں میں فرق آیا۔

’ہمارے بچے گھروں میں آکے روتے تھے کہ پاپا ہمارے کلاس فلیوز ہمیں چڑاتے ہیں کہ تمھارے بھگوان بندر ہیں، تمھارے بھگوان ہاتھی ہیں، گالیاں دیتے ہیں، تو پاپا ہم کیا کریں؟ میں انھیں کہتا تھا کہ غصہ کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہے کیونکہ سامنے حالات ایسے نہیں ہیں کہ آپ جواب دیں۔‘

اقلیتی حقوق کے کارکن میرحسن اریسر کے مطابق، پاکستان میں طویل عرصے تک نصاب میں صرف اکثریتی مذہب کو فوقیت دی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ اقلیتی برادریوں کا مطالبہ رہا ہے کہ ان کے مذاہب کو بھی ریاستی سطح پر نصاب میں مناسب جگہ ملنی چاہیے۔

’بدقسمتی سے پاکستان میں جو لوگ پاور میں تھے، ان کا خیال تھا کہ یہ ملک چونکہ مذہب کے نام پہ بنا ہے تو اس کے سلیبس میں فقط اور فقط ہمارے مذہب کی باتیں شامل ہوں گی۔ پڑھے لکھے ہندووں اور ایکٹوسٹ کا کہنا ہے کہ بھئی ہم بھی اس ملک کے شہری ہیں اور ہمارا بھی ایک مذہب ہے، اس کو بھی ریاستی سطح پہ جگہ دینا چاہئے۔‘

’بچوں کے لیے یہ کتاب ہے، لیکن ہمارے لیے بھگتی ہے‘

Hindu women
BBC

پاکستان میں ہندو بچوں کے لیے مذہبی تعلیم کے مخصوص سکول یا درس گاہیں موجود نہیں ہیں۔ وہ اپنے گھروں میں بڑوں سے یا مندروں میں پنڈتوں اور گروؤں سے مذہبی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

دھن راج مالہی ایک تعلیم یافتہ ہندو ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ خود انھیں چھٹی سے آٹھویں جماعت تک عربی بھی پڑھائی گئی، حالانکہ وہ غیر مسلم ہیں۔

دھن راج کی سب سے چھوٹی بیٹی عمرکوٹ کے ایک پرائمری سکول میں پڑھتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’اب سناتن دھرم کا نصاب آنے سے دل کو بہت اچھا لگا ہے کیونکہ اس میں ساری دھارمی گیان (مذہبی تعلیمات ) اور ہندو مذہب کی تاریخ لکھی ہے۔‘

عمرکوٹ کے گاؤں لالو بھیل پاڑو کی سورٹھ کانجی کے بچے بھی سکول جاتے ہیں۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انتہائی جذباتی انداز میں بولیں کہ ’بچوں کے لیے یہ کتاب ہے، لیکن ہمارے لیے بھگتی ہے۔‘

انھوں نے بتایا کہ پہلے بچے اسلامیات کی کتابیں پڑھتے تھے، جن میں کلمہ اور دیگر اسلامی تعلیمات شامل تھیں۔ ان کے بقول، اس وقت ان کی خواہش تھی کہ بچوں کے نصاب میں کرشن، رام اور سیتا ماتا کا ذکر بھی ہو۔

’اب یہ سناتن دھرم کا کتاب آئی ہے۔ بچے پڑھتے ہیں تو ہم دھیان سے سنتے ہیں، ہم بولتے ہیں کہ آپ پڑھتے رہیں اور ہم سنتے رہیں۔‘

اسی گاوں کی ایک نوجوان خاتون ریشماں بھیل جن کے بچے سکول میں پڑھتے ہیں بولیں کہ ’ہم کہتے ہیں کہ ہم اپنے بچوں کو سکول میں بھیجیں تاکہ وہ دھرم کی تعلیم اچھی طرح لے سکیں اور خود پڑھ سکیں۔‘

’اقلیتوں کے خلاف امتیازی رویہ سامنے آیا تو محکمہ اسے سختی سے نمٹے گا‘

religious minister
BBC
وزیرِ تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے بتایا کہ نصاب میں تبدیلی کا مقصد صرف ہندو طلبہ کو ان کے مذہب کی تعلیم دینا نہیں بلکہ نصابی مواد سے نفرت انگیز اور متعصبانہ باتوں کو بھی ختم کرنا ہے

اقلیتوں کے مسائل صرف نصاب تک محدود نہیں۔ اسی سال اکتوبر میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی ایک رپورٹ میں جبری شادیوں، تبدیلی مذہب، نفرت انگیز تقاریر اور امتیازی سلوک کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اقلیتی حقوق کے تحفظ کے لیے قانون بننے کے باوجود قومی کمیشن ابھی تک قائم نہیں ہو سکا۔ صوبہ کے وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے خود بی بی سی کو بتایا کہ نصاب میں تبدیلی پر انھیں مذہبی حلقوں کی طرف سے مزاحمت کا سامنا رہا۔ایسے میں حکومت سکولوں میں اقلیتی بچوں کے ساتھ امتیازی سلوک روکنے کو کیسے یقینی بنائے گی؟

وزیرِ تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے بتایا کہ نصاب میں تبدیلی کا مقصد صرف ہندو طلبہ کو ان کے مذہب کی تعلیم دینا نہیں بلکہ نصابی مواد سے نفرت انگیز اور متعصبانہ باتوں کو بھی ختم کرنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ محکمۂ تعلیم نے گزشتہ تین چار برسوں میں اس بات پر توجہ دی ہے کہ کسی بھی مذہب کے خلاف نفرت پر مبنی مواد نصاب کا حصہ نہ رہے۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اگر اکثریتی برادری کی جانب سے اقلیتوں کے خلاف امتیازی رویہ سامنے آیا تو محکمہ اسے سختی سے نمٹے گا۔‘

سردار علی شاہ نے مزید کہا کہ ’مجھے بعض مذہبی گروہوں کی جانب سے پیغامات بھی ملے اور اس اقدام پر مزاحمت بھی سامنے آئی کہ بھئی آپ ہندوؤں کو مذہب کیوں پڑھا رہے ہیں؟ میں نے انھیں سمجھانے کی کوشش کی کہ اسلام سلامتی کا مذہب ہے۔ ہم نے سب کو ساتھ لے کر چلنے کا راستہ اختیار نہیں کیا اور اس کے نتائج بھی آج ہمارے سامنے ہیں۔‘

سناتن دھرم یا ہندو مذہب کی کتابوں کا اجرا ایک اہم قدم ہے، لیکن اصل چیلنج یہ ہے کہ یہ ہر ہندو بچے تک پہنچیں اور سکولوں میں ان پر عمل درآمد بھی ہو۔ اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ بچوں کو اپنے مذہب کی تعلیم کے ساتھ ایسا ماحول ملے جہاں وہ خود کو محفوظ اور برابر کا شہری محسوس کریں۔

کیونکہ صرف نصاب میں تبدیلی کافی نہیں، اصل امتحان یہ ہے کہ کیا اقلیتی بچوں کو بھی سکولوں میں وہی عزت، تحفظ اور برابری ملتی ہے جس کے وہ حق دار ہیں۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US