این اے 77 گوجرانوالہ ضمنی انتخاب، عطا اللہ تارڑ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا فیصلہ محفوظ

image

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عطا اللہ تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ الیکشن کمیشن کا بے حد احترام کرتے ہیں، دورے کا مقصد ذاتی نوعیت کا تھا اور اس کا انتخابی مہم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ذاتی دعوت پر تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے۔

وکیل نے کہا کہ ہم ذمہ دار پارلیمان ہیں اور ایسا کوئی کام نہیں کرسکتے جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے سامنے غیر مشروط معذرت بھی کی اور کہا کہ ہم خود کو کمیشن کے سامنے پیش کرتے ہیں۔

وکیل سجیل سواتی نے بتایا کہ اس معاملے پر تحریری جواب پہلے ہی الیکشن کمیشن میں جمع کرایا جا چکا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جس تقریب میں انہوں نے شرکت کی وہاں انتخابی امیدوار موجود نہیں تھا، الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے عطا اللہ تارڑ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US