وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے خطے کے مسائل ٹھوس شواہد کی بنیاد پر حل کرنے کی ضرورت ہے، امن و سلامتی کے لیے پاکستان ہر مثبت کوشش کا ساتھ دے گا۔
نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ممالک کے ایک ساتھ بیٹھنے سے خطے میں بہتری کی امید پیدا ہوتی ہے۔ پاکستان دہشتگردی سے شدید متاثر ہوا ہے اور اس معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے شفاف طریقہ کار ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متعدد بار ایسا طریقہ کار تجویز کر چکا ہے۔ وفاقی وزیر پاکستانی وفد کے ہمراہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی فورم میں شرکت کے لیے نئی دہلی میں موجود ہیں، جہاں وہ آج خطاب بھی کریں گے۔