سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ، گندم کی فصل متاثر ہونے کا امکان

image

محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں آئندہ تین ماہ کے دوران خشک سالی کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا، بارشوں میں مسلسل کمی کے باعث گندم سمیت ربیع کی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں جولائی سے نومبر تک مسلسل معمول سے کم بارشیں ہوئیں۔ سندھ میں ستمبر کے دوران معمول سے 90 فیصد، اکتوبر میں 100 فیصد جبکہ یکم سے 20 نومبر تک 99 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔

بلوچستان میں اکتوبر کے دوران معمول سے 80 فیصد کم بارشیں ہوئیں جبکہ نومبر کے پہلے 20 دنوں میں بارشوں کی کمی 79 فیصد رہی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ دسمبر سے فروری تک سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشیں ہوسکتی ہیں، جس سے گندم سمیت ربیع کی فصلیں متاثر ہونے، زمین میں نمی کم ہونے اور زیر زمین پانی کے ذخائر پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق بارانی علاقوں میں فصلیں کاشت کرنے والے اور مویشی پالنے والے خاندان زیادہ خطرے سے دوچار ہوسکتے ہیں، صوبائی حکومتوں کو خشک سالی سے متاثر ہونے والے علاقوں اور آبادیوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ خشک سالی کا الرٹ احتیاطی تدبیر ہے، فی الحال ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا۔ خشک سالی کی صورتحال کا اگلا جائزہ 5 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US