وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے سندھ میں حالات خراب ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، نئے صوبوں کے معاملے پر سیاستدانوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر بات کرنی چاہیے۔
ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی تحفظات سامنے نہیں آئے، وزیراعظم محمد شہباز شریف اس معاملے کو آگے لے کر چل رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ نئے صوبوں کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صدر مملکت سمیت دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا۔ اگر صوبوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی متفق نہ بھی ہو تو بات چیت کے ذریعے کوئی راستہ نکالنا ہوگا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات میں راستے بند کرنا ملک اور عوام کے مفاد میں نہیں، دنیا میں نئے صوبے بنتے رہے ہیں، اس لیے اس معاملے پر بھی سیاسی قیادت کو سنجیدگی اور افہام و تفہیم سے بات کرنی چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست میں بات چیت ہونی چاہیے، خون خرابے کی باتیں کرنے سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ معاملے کو کس سمت لے جایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کی بحث میں بعض سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے بھی سامنے آئے ہیں۔ ملک میں ہائبرڈ نظام چل رہا ہے اور اس نظام میں ہمارے علاوہ بھی شراکت دار موجود ہیں۔