نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا انحصار نئی دہلی کے طرزِ عمل پر ہے جبکہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کا واحد حل مذاکرات ہیں۔ جنگ شروع ہوتے ہی انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے تحمل کا مشورہ دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے عالمی تنازعات کے پُرامن حل کے لیے کوششیں کر رہا ہے، جبکہ خطے میں پائیدار امن کے لیے نئے سیکیورٹی فریم ورک کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بلاک سیاست مسائل کا حل نہیں، پاکستان امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیے اور مصر پر مشتمل آر فور ممالک کا اجلاس اگلے ماہ جرمنی میں ہوگا، جبکہ یورپی ممالک کی شمولیت سے یہ فورم ای فور کی شکل اختیار کرچکا ہے۔
نائب وزیراعظم کے مطابق پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تسلسل کے لیے یورپ کی حمایت چاہتا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے خصوصی فورس بھی قائم کی گئی ہے۔