اگرچہ روایتی طور پر جھینگے ساحلی علاقوں میں پالے جاتے ہیں، لیکن جنوبی پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں بھی یہ تجربہ کامیابی سے کیا جا رہا ہے۔
دانیال غنی ان افراد میں شامل ہیں جنھوں نے جنوبی پنجاب میں جھینگا فارمنگ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا تعلق کراچی سے ہے، جہاں جھینگا فارمنگ کئی دہائیوں سے کی جا رہی ہےاگر آپ سے یہ کہا جائے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے بعض علاقے مستقبل میں جھینگوں کی پیداوار کا بڑا مرکز بن سکتے ہیں تو شاید آپ کے ذہن میں یہ سوال آئے کہ سمندر سے سینکڑوں میل دور واقع علاقے سمندری مخلوق کی افزائش کے لیے موزوں کیسے ہو سکتے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ پنجاب میں گذشتہ چند برسوں کے دوران جھینگا فارمنگ ایک نئے زرعی اور تجارتی شعبے کے طور پر ابھر رہی ہے۔ اگرچہ روایتی طور پر جھینگے ساحلی علاقوں میں پالے جاتے ہیں، لیکن جنوبی پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں بھی یہ تجربہ کامیابی سے کیا جا رہا ہے۔
پنجاب ایکوا کلچر اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ کے سیکریٹری محمد سلیم افضل کے مطابق چند سال پہلے تک یہ تصور بھی مشکل تھا کہ پنجاب میں زیرِ زمین کھارے پانی کی مدد سے کامیابی کے ساتھ جھینگا فارمنگ کی جا سکتی ہے۔
ان کے بقول پاکستان کی پہلی جھینگا ہیچریاں سرگودھا اور مظفرگڑھ میں زیرِ تعمیر ہیں، اور ان کے فعال ہونے کے بعد مقامی سطح پر بڑی تعداد میں جھینگوں کا بیج تیار کیا جا سکے گا۔
وہ کہتے ہیں کہ جھینگا ایک اہم برآمدی جنس ہے جس کی عالمی منڈی میں طلب مسلسل موجود ہے۔ ان کے مطابق ہیچریوں کے قیام سے نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھے گی، پیداوار میں اضافہ ہو گا اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
پاکستان تاحال جھینگے کے بڑے برآمد کنندگان میں شمار نہیں ہوتا، جس کے باعث مقامی فارمرز جدید ٹیکنالوجی اور پیداواری طریقوں سے نسبتاً کم واقف رہے ہیںغیر زرعی زمین سے نئی آمدن
جنوبی پنجاب میں مظفرگڑھ، رحیم یار خان، بہاولپور اور راجن پور کو اس منصوبے کے لیے خاص اہمیت حاصل ہے کیونکہ ان اضلاع میں وسیع رقبہ ایسی زمین پر مشتمل ہے جہاں روایتی کاشت کاری محدود یا ناممکن رہی ہے۔
مظفر گڑھ میں سو ایکڑ سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ اب ہزاروں ایکڑ تک پھیل چکا ہے اور جنوبی پنجاب میں بعض زمیندار جھینگا فارمنگ کو اپنی بنجر زمین سے آمدن حاصل کرنے کے ایک متبادل ذریعے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
پاکستان تاحال جھینگے کے بڑے برآمد کنندگان میں شمار نہیں ہوتا، جس کے باعث مقامی فارمرز جدید ٹیکنالوجی اور پیداواری طریقوں سے نسبتاً کم واقف رہے ہیں۔ حکام کے مطابق منصوبے کے آغاز سے ہی فلپائن، تھائی لینڈ، ویتنام اور دیگر ممالک کے ماہرین کی مدد سے تربیتی پروگرام منعقد کیے گئے۔
محمد سلیم افضل کہتے ہیں 'تھائی لینڈ، ویتنام اور فلپائن دنیا کے بڑے جھینگا برآمد کنندگان میں شامل ہیں۔ اس شعبے میں ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہم نے ابتدا ہی سے اپنے عملے کو غیر ملکی ماہرین کے ذریعے تربیت دلوائی، جو اب مقامی فارمرز کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
’چند ماہ میں پیداوار حاصل ہو جاتی ہے‘
جھینگا فارمر محمد حارث نے گزشتہ برس اس تجربے کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا اور اپنے 15 ایکڑ رقبے پر تقریباً تین کروڑ روپے کی لاگت سے فارم قائم کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ 'جھینگوں کی فارمنگ روایتی کاشتکاروں کے لیے اس لحاظ سے پُرکشش ہے کہ مختصر مدت میں کم از کم دو مرتبہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ زراعت میں سال میں دو کامیاب فصلیں لینا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔'
محمد حارث کے مطابق حالیہ برسوں میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات نے بھی بعض کسانوں کو متبادل ذرائع آمدن تلاش کرنے پر آمادہ کیا ہے۔
’گذشتہ چند برسوں میں سیلاب سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ اسی وجہ سے کچھ سرمایہ کار اور کاشتکار اب ان علاقوں کا رخ کر رہے ہیں جہاں قدرتی آفات کا خطرہ نسبتاً کم ہے۔‘
ان کے مطابق 2025 میں انھیں درآمد شدہ جھینگا لاروا تقریباً سات روپے فی یونٹ کے حساب سے خریدنا پڑا۔ پہلی کھیپ میں پیداوار حوصلہ افزا رہی، تاہم بلند لاگت کے باعث منافع توقع کے مطابق نہیں تھا۔
محمد حارث کہتے ہیں ’فی الحال ہمیں جھینگے کی خوراک، پروبائیوٹکس اور دیگر ضروری اشیا درآمد کرنا پڑتی ہیں۔ امید ہے کہ مقامی ہیچریاں قائم ہونے کے بعد لاروا کی قیمت نمایاں طور پر کم ہو جائے گی اور خوراک بھی سستی دستیاب ہو سکے گی۔‘
مظفر گڑھ میں سو ایکڑ سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ اب ہزاروں ایکڑ تک پھیل چکا ہےکراچی سے جنوبی پنجاب تک
دوسری جانب دانیال غنی ان افراد میں شامل ہیں جنھوں نے جنوبی پنجاب میں جھینگا فارمنگ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا تعلق کراچی سے ہے، جہاں جھینگا فارمنگ کئی دہائیوں سے کی جا رہی ہے۔
دانیال غنی کے مطابق کراچی میں بھی جھینگا پالا جا سکتا ہے، لیکن ’جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں پانی اور زمین کی خصوصیات اس کاروبار کے لیے زیادہ موزوں محسوس ہوتی ہیں۔ اسی لیے یہاں سرمایہ کاری کی ہے۔‘
انھوں نے 23 ایکڑ رقبے پر فارم قائم کیا ہے اور ان کے بقول اب تک اس منصوبے پر تقریباً چار کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ ’اصل فرق اس بات سے پڑتا ہے کہ آپ کو حکومتی اور فنی سطح پر کتنی معاونت ملتی ہے۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت کافی مدد فراہم کر رہی ہے۔‘
تاہم ان کے مطابق اس شعبے کو درپیش ایک اہم مسئلہ لاروا کی نقل و حمل ہے اور یہی چیز دانیال غنی کو کھٹکتی ہے۔ ’جھینگا یہاں پالنا آسان اور فائدہ مند تو ہے، مگر بندرگاہ کراچی میں ہے۔ جھینگے کا بیج وہیں سے آتا ہے۔ اب وہاں سے پنجاب تک آتے آتے جو وقت لگتا ہے، وہ جھینگے کے لیے خطرناک ہے۔ اب جو لاروا یا بیج کراچی آتا ہے، وہ اسی وقت استعمال کر لیا جاتا ہے۔ مگر جب اسے ٹرک میں لاد کر دوسرے ٹھکانے پر لے جانا ہو، اور وہ بھی ایسا ٹھکانہ جو کئی گھنٹوں کی دوری پر ہو، تو ایسے میں لاروے کے مر جانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔‘
کامیابی کا انحصار پانی کے معیار پر
جھینگا فارمنگ میں سب سے اہم عوامل میں پانی کی نمکیات اور غذائی اجزا کا مناسب توازن شامل ہے۔
علی والی شرمپ فارم سائٹ پر تعینات شرمپ پراجیکٹ اور بائیو ڈائیورسٹی ہیچری کے ڈائریکٹر محمد ملک رمضان کے مطابق 'جھینگے کے لیے سب سے بڑا مسئلہ زمین کا موزوں کھارا پن ہوتا ہے اور وہ مسئلہ قدرت نے پہلے ہی حل کر دیا۔ ایک اور اہم نکتہ یہ بھی ہے کہ پانی میں مائیکرو نیوٹرینٹس کا نارمل لیول ہونا بے حد ضروری ہے جو سمندری پانی یا جھینگے کی قدرتی جگہوں پر تو پہلے سے موجود ہوتا ہی ہے مگر ان فارمز کے تالابوں میں اسے برقرار رکھنا پڑتا ہے جس کے لیے گاہے بگاہے پانی کی ٹیسٹنگ کرنا بہت ضروری ہے۔'
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جھینگے کی افزائش کے لیے بعض معدنیات کا مناسب مقدار میں موجود ہونا ضروری ہے۔ ’اب جیسے میگنیشیم ہے، وہ بے حد ضروری مائیکرو نیوٹرینٹس میں سے ہے جو شرمپ کو چاہیے۔ اگر اس کی مقدار تھوڑی بھی کم ہو جائے تو یہ مر جاتا ہے لیکن میگنیشیم سستا ہے، 50 روپے کلو۔ تو ہم میگنیشیم کلورائیڈ کی صورت میں ان تالابوں میں ایک خاص مقدار میں اسے حل کر دیتے ہیں۔ باقی بھی جو ضروری منرلز اور وٹامنز ہیں، وہ یا تو درآمد ہو جاتے ہیں، یا سستے داموں میسر آ جاتے ہیں۔ تو اتنا مسئلہ نہیں ہوتا۔‘
پنجاب ایکوا کلچر اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق منصوبے کی ابتدائی کامیابی کے بعد مزید کاشتکار بھی اس شعبے میں دلچسپی لے رہے ہیںتوانائی کا مسئلہ کیسے حل کیا جا رہا ہے؟
جنوبی پنجاب کے کئی علاقے بنیادی انفراسٹرکچر سے محروم رہے ہیں، اس لیے فارموں پر توانائی کا انتظام ایک اہم چیلنج تھا۔
حکام کے مطابق جھینگا فارمنگ میں آکسیجن کی مناسب سطح برقرار رکھنے کے لیے ایریٹرز کا استعمال ناگزیر ہے، اور ان کے لیے مسلسل بجلی درکار ہوتی ہے۔
محمد ملک رمضان کہتے ہیں 'ہم زیادہ تر فارمز پر سولر پینلز نصب کروا رہے ہیں تاکہ قابلِ تجدید توانائی استعمال کی جا سکے۔ اس سے لاگت میں کمی آتی ہے اور ماحولیاتی اثرات بھی کم ہوتے ہیں۔'
کیا یہ منصوبہ دیرپا ثابت ہو سکے گا؟
پنجاب ایکوا کلچر اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق منصوبے کی ابتدائی کامیابی کے بعد مزید کاشتکار بھی اس شعبے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
محمد سلیم افضل کا کہنا ہے کہ ’اس شعبے میں خطرات ضرور موجود ہیں، لیکن امکانات بھی بہت روشن ہیں۔ ہم نے بعض فارمز پر 60 گرام تک وزن کا جھینگا حاصل کیا ہے، جو عالمی معیار کے لحاظ سے ایک قابلِ ذکر نتیجہ ہے۔‘
اگر یہ منصوبہ کامیاب رہتا ہے تو حکام کے مطابق جنوبی پنجاب کی لاکھوں ایکڑ بنجر زمین معاشی سرگرمی کا حصہ بن سکتی ہے۔ ساتھ ہی پاکستان کے لیے جھینگے کی برآمدات کی صورت میں زرِ مبادلہ کا ایک نیا ذریعہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
البتہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صنعت کی طویل مدتی کامیابی کا انحصار مستقل تکنیکی معاونت، مقامی ہیچریوں کے قیام، برآمدی منڈیوں تک رسائی اور پانی کے معیار کو برقرار رکھنے پر ہو گا۔ ان عوامل پر قابو پانے کی صورت میں جنوبی پنجاب کی بنجر زمینیں جھینگا فارمنگ کے ذریعے ایک نئی معاشی سرگرمی کا مرکز بن سکتی ہیں۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔