بنوں میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ایک کامیاب مشترکہ آپریشن کیا ہے، جس کے نتیجے میں کالعدم ’گل بہادر گروپ‘ کے تین اہم دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے عمل میں لائی گئی۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر زر گل عرف ’انکل‘ کے بھتیجے سمیت تین دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور علاقے میں بدامنی پھیلانے کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا، جس کے نتیجے میں چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے دیگر سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر تخریبی مواد بھی برآمد کر کے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔