وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان، دہشت گردی کے خاتمے، ترقیاتی امور اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر سیکیورٹی فورسز اور خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے وفاقی حکومت اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں، جبکہ صحت و تعلیم سمیت سماجی ترقی کے اشاریوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعظم نے صوبے میں کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
ملاقات کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے گورنر اور خیبر پختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ملاقات میں موجود تھے۔