کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں چھ منزلہ زیر تعمیر عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے جبکہ 17 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت مزدوروں کے کام کے دوران اچانک زور دار دھماکے سے گر گئی۔ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں مزید ایک ہفتہ لگنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل، غفلت اور لاپروائی کی دفعات کے تحت درج کرلیا ہے، جبکہ ٹھیکیدار اور منیجر سمیت متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 8 افسران معطل کردیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات کی گئی تھیں، جبکہ کمشنر کراچی 24 گھنٹوں میں ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کریں گے۔