نئی دلی (نیوز ڈیسک) خواتین کو ہراساں کرنے کا مسئلہ نیا نہیں ہے، درسگاہیں
ہوں، دفاتر یا بازار، اور حتیٰ کہ ہزاروں فٹ بلندی پر پرواز کرتے جہازوں
میں کام کرنے والی ائیرہوسٹسوں کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے۔ بھارت میں ایک
ایسے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو کولکتہ سے ممبئی جانے والی پرواز کی
ائیرہوسٹسوں کو دوران پرواز ہراساں کر رہا تھا، اور عملے کے منع کرنے کے
باوجود باز نہ آیا تھا۔
ہندستان ٹائمز کے مطابق جب ائیرہوسٹسیں مسافروں کو کھانا پیش کررہی تھیں
تو یہ شخص اپنے موبائل فون سے ان کی ویڈیو بنانے لگا۔ ایک ساتھی مسافر نے
ایک ائیرہوسٹس کو خبردار کیا جس کے بعد اسے بیہودہ حرکت سے باز آنے کو کہا
گیا، لیکن کچھ دیر بعد یہ دوبارہ ایک اور ائیرہوسٹس کی ویڈیو بنانے لگا۔ جب
ائیرہوسٹس کے منع کرنے کے باوجود یہ باز نہ آیا تو جہاز کے کپتان کو اطلاع
کردی گئی۔ کپتان کے حکم پر ویڈیو بنانے والے شخص اور اس کے دو ساتھیوں کے
موبائل فون ضبط کرلئے گئے۔
طیارے کے ممبئی ائیرپورٹ پر لینڈ کرتے ہی ان تینوں مسافروں کو علیحدہ کرلیا
گیا۔ پولیس نے بعدازاں ان میں سے ایک کو گرفتارکرلیا۔ پولیس کے مطابق
گرفتار ہونے والا 38 سالہ شخص ہی ائرہوسٹسوں کی ویڈیو بنا رہا تھا۔ اس کا
تعلق بنگلہ دیش سے بتایا گیا ہے۔بدقماش مسافر کو اپنی ہوس پرستی کی قیمت اب
دو سال قید کی صورت میں ادا کرنا ہو گی۔