یوٹرن لیتے وقت معمولی سی غفلت و لاپرواہی بھی مہلک حادثات کا سبب بن جاتی
ہے۔یہ عمل انتہائی احتیاط اور صبر کا متقاظی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکٹر
کمانڈر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ایس ایس پی مسرور عالم کولاچی نے
یوٹرن کے درست طریقے سے متعلق آگاہی مہم کے دوران میڈیا نمائندگان سے بات
چیت میں کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ روڈ سیفٹی کے اصولاں کی پاسداری وقت کی اہم ضرورت ہے
کیونکہ سڑکوں پر محتاط رویہّ نہ اپنانے سے آئے روز پاکستان میں بے شمار
قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے اور اس بھی زیادہ لوگ عمر بھر کی معذوری کا
شکار ہو رہے ہیں ۔ مسرور عالم کولاچی نے بتایا کہ اگر اعدادوشمار کا جائزہ
لیا جائے تو نوے فیصد واقعات میں موٹرسائیکل ملوث ہے اور موٹرسائیکل کے
حادثات کی سب سے بڑی وجہ بغیر پیچھے دیکھے یوٹرن لینا یا اوورٹیک کرنا
ہے۔اس کے ساتھ ساتھ دیگر گاڑیوں کے ڈرائیور بھی یوٹرن لیتے وقت بے صبری اور
لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں یا سرے سے درست طریقہ ہی اختیار نہیں کرتے جس
کی وجہ سے جان لیوا حادثات پیش آتے ہیں۔
ایس ایس پی موٹروے نے جاری مہم کے حوالے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ نیشنل
ہائی وے پر سفر کرنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو یوٹرن کے درست طریقہ کار
کے بارے میں بھر پور آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ
موٹرسائیکل اولمبی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چاہیے کہ یوٹرن لینے سے قبل سڑک
کے انتہائی بائیں جانب رک جائیں اور صبر و تحمل کے ساتھ سڑک خالی ہونے کا
انتظار کریں جبکہ چھوٹی گاڑیوں والے مناسب فاصلے سے مسلسل اشارہ لا کر
دائیں لین میں چلے جائیں اوریوٹرن کی خالی جگہ پر رک کر دوسری جانب کی سڑک
کے خالی ہونے کا انتظار کریں یوں تھوڑی سی احتیاط سے قیمتی انسانی جانوں کو
محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔